واشنگٹن(24 نومبر 2026): نومنتخب ڈیموکریٹ سینیٹر عبدال السید کی ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑی پیشکش کی ہے۔ امریکی ریاست مشی گن سے نومنتخب ڈیموکریٹ سینیٹر عبدال السید نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک غیر معمولی سیاسی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ ملک کے ہر شہری کے لیے یونیورسل ہیلتھ کیئر قانون کی حمایت کریں تو وہ ’میڈی کیئر فار آل‘ منصوبے کا نام تبدیل کر کے ’ٹرمپ کیئر‘ رکھنے کے لیے تیار ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کے پروگرام ’میٹ دی پریس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عبدال السید نے واضح کیا کہ انہیں اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ قانون کو کیا نام دیا جاتا ہے، بلکہ ان کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ہر امریکی شہری کو پیدائش سے لے کر موت تک بغیر کسی ادائیگی کے معیاری طبی سہولیات کی ضمانت ملے اور عوام پر علاج کے بھاری اخراجات کا بوجھ ختم ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر صدر ٹرمپ اس بل پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں تو ہمیں مل کر اسے منظور کرانا چاہیے۔سیاسی حلقوں میں یہ پیشکش اس وقت مزید اہمیت اختیار کر گئی جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عبدال السید کی ’ٹرمپ کیئر‘ سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ کو اپنے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ کے اکاؤنٹ پر دوبارہ شیئر کیا، تاہم انہوں نے اس پوسٹ کے ساتھ کسی قسم کا تبصرہ نہیں کیا۔واضح رہے کہ آئندہ کانگریس میں مشی گن کی نمائندگی کرنے والے عبدال السید نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ’میڈی کیئر فار آل‘ کو اپنی بنیادی ترجیحات میں شامل رکھا تھا۔وہ سینیٹر برنی سینڈرز کے یونیورسل ہیلتھ کیئر منصوبے کے بھی حامی ہیں، تاہم ان کا مؤقف ہے کہ وہ ایک ایسی عوامی ہیلتھ انشورنس چاہتے ہیں جو ہر امریکی کو بنیادی طبی کوریج کی ضمانت دے، جبکہ اس کے ساتھ نجی انشورنس کے آپشن پر بھی بات چیت کی گنجائش موجود ہے۔یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ڈیموکریٹک پارٹی جنوری 2027 میں کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بعض اہم عوامی معاملات پر دو طرفہ قانون سازی کے امکانات تلاش کر رہی ہے۔