لندن : برطانیہ میں کرسمس تقریبات کے دوران دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کرسمس تقریبات کے دوران دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر لندن پولیس نے سیکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط اور چوکنا رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔پولیس نے بتایا کہ کرسمس مارکیٹس، مذہبی اجتماعات اور کیرول کنسرٹس کے موقع پر شہریوں کو الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے، جبکہ لندن میں 70 سے زائد کرسمس مارکیٹس میں لوگوں کی بڑی تعداد میں آمد متوقع ہے۔بڑے اجتماعات کے پیش نظر شہر کے مختلف مقامات پر سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کی جانب سے شہریوں کے لیے "ونٹر وجیلنس” مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ہائیڈ پارک سمیت مصروف عوامی مقامات پر انسدادِ دہشتگردی پولیس اہلکاروں کے گشت میں اضافہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ "پروجیکٹ سروسیٹر” کے تحت پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر اچانک اور غیر متوقع گشت بھی کیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال انسدادِ دہشتگردی کے لیے موصول ہونے والی ہر پانچ میں سے ایک اطلاع پر مزید تحقیقات کی گئیں، جو عوامی تعاون کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔لندن پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معمولی صورتحال کی فوری طور پر پولیس اور متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔