اکالی دل-بی جے پی اتحاد سیاسی موقع پرستی کی مثال، کسانوں کو جواب دینا ہوگا: کانگریس

Wait 5 sec.

نئی دہلی: پنجاب میں 2027 کے اسمبلی انتخابات سے قبل شرومنی اکالی دل اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان دوبارہ اتحاد کے اعلان پر کانگریس نے سخت تنقید کی ہے۔ کانگریس رہنماؤں نے اس اتحاد کو سیاسی موقع پرستی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کو پنجاب کے کسانوں کو جواب دینا ہوگا کہ آخر ایسا کیا بدل گیا کہ وہ ایک بار پھر ساتھ آگئے ہیں۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے کہا کہ پنجاب میں اکالی دل اور بی جے پی کا اتحاد اس وقت ٹوٹا تھا جب مرکز کی مودی حکومت نے تین زرعی قوانین نافذ کیے تھے۔ اس کے بعد پنجاب کے کسانوں نے ایک بڑی تحریک چلائی اور کووڈ وبا کے باوجود لاکھوں کسان دہلی کی سرحدوں پر پہنچ کر احتجاج کرتے رہے۔ بالآخر حکومت کو ان متنازع قوانین کو واپس لینا پڑا۔انہوں نے سوال کیا کہ اب ایسا کیا بدل گیا ہے کہ دونوں جماعتیں اقتدار کی خاطر دوبارہ ایک ساتھ آگئی ہیں؟ تیواری نے کہا کہ اکالی دل اور بی جے پی کی قیادت کو اس اتحاد کے بارے میں کسی سیاسی جماعت کو نہیں بلکہ پنجاب کے کسانوں کو جواب دینا ہوگا۔کانگریس کے پنجاب انچارج سچن پائلٹ نے بھی اس اتحاد کو سیاسی موقع پرستی کی واضح مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں پہلے ایک دوسرے کے خلاف سخت بیانات دیتی رہی ہیں۔ بی جے پی نے اکالی دل کو کیا کچھ نہیں کہا، جبکہ اکالی دل نے بی جے پی کو کسان مخالف قرار دیا تھا۔ اب انتخابات قریب آنے پر دونوں نے دوبارہ ہاتھ ملا لیا ہے۔پائلٹ نے سوال کیا کہ مرکز میں گزشتہ 12 برس سے بی جے پی کی حکومت ہے، لیکن اس دوران پنجاب کے عوام کو کیا ملا؟ انہوں نے کہا کہ اس اتحاد کی رسمی اعلان بازی کے لیے گرو پرو کے مبارک موقع کا انتخاب کیا گیا، حالانکہ دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی قربت پہلے سے ہی موجود تھی۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ چرنجیت سنگھ چنی نے بھی اتحاد کو پنجاب کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کو ایسے رہنماؤں کی ضرورت ہے جو پنجاب کے مفادات کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہوں۔کانگریس کے رہنما وجے اندر سنگلا نے کہا کہ بی جے پی اور اکالی دل ساڑھے چار برس تک ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے اور اب دوبارہ اتحاد کرلیا ہے۔ ان کے مطابق جب دونوں جماعتیں اقتدار میں تھیں تو پنجاب میں منشیات کا مسئلہ بڑھا، جبکہ کانگریس حکومت نے بڑے منشیات مافیاؤں کے خلاف کارروائی کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2027 میں پنجاب میں کانگریس حکومت بنائے گی۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گرجیت سنگھ اوجلا نے بھی اتحاد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ زرعی قوانین کے خلاف تحریک کے دوران متعدد کسانوں کی جانیں گئیں اور طویل جدوجہد کرنی پڑی۔ اب اکالی دل بی جے پی کے ساتھ بیٹھ کر ان کسانوں کی قربانیوں کے بارے میں کیا جواب دے گا؟ انہوں نے اکالی دل کے سابقہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا کہ کیا آر ایس ایس کے گوردواروں پر کنٹرول سے متعلق اس کے اعتراضات بھی ختم ہوگئے ہیں؟ادھر پنجاب کانگریس کے صدر پرگٹ سنگھ نے اتحاد کو عوام کے ساتھ دھوکہ قرار دیا، جبکہ رکن پارلیمنٹ امرندر سنگھ راجہ وڑنگ نے دعویٰ کیا کہ اس اتحاد سے کانگریس کو انتخابی فائدہ ہوگا اور تقریباً 15 اضافی نشستیں مل سکتی ہیں۔واضح رہے کہ اکالی دل اور بی جے پی نے 2007 سے 2017 تک پنجاب میں مل کر حکومت کی تھی، تاہم 2020 میں زرعی قوانین کے معاملے پر اکالی دل نے این ڈی اے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ اب دونوں جماعتوں کی دوبارہ قربت نے پنجاب کی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔