اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 میں کل یعنی اتوار کو ہندوستان اے کا مقابلہ پاکستان اے سے ہوا۔ دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقدہ میچ میں پاکستان اے نے انڈیا اے کو 48 رنز سے شکست دی۔ہندوستان اے، جیت کے لیے 314 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 49.1 اوور میں 265 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان اے کا مقابلہ اب منگل یعنی24 نومبر کو اپنے آخری گروپ میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ہوگا۔ اسی روز پاکستان اے کا مقابلہ نیپال سے ہوگا۔رنز کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ویبھو سوریاونشی 11 رنز بنا کر محمد عمران رندھاوا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ اس دوران علی رضا نے ایوش بدونی کو کھاتہ کھولنے سے روک دیا۔ بدونی کے آؤٹ ہونے کے وقت انڈیا اے کا سکور 26 رنز پر2 وکٹ تھا۔ وہیں سے تلک ورما اور ابھیشیک شرما نے تیسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت قائم کی۔ ابھیشیک نے 42 گیندوں پر چھ چھکے اور چھ چوکے لگا کر 70 رنز بنائے۔ ابھیشیک کی وکٹ پارٹ ٹائم اسپنر حسن نواز نے لی ۔کمار کشاگرا سفیان مقیم کے ہاتھوں آؤٹ ہونے سے پہلے صرف دو رنز بنا سکے۔ رنکو سنگھ6 رنزپر حسن نواز کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد نواز نے سوریانش شیڈگےکو3 رنزپر آؤٹ کیا۔ سوریانش کے آؤٹ ہونے کے وقت انڈیا اے کا سکور 129/6 تھا۔ وہاں سے تلک ورما اور شہباز احمد نے ساتویں وکٹ کے لیے 112 رنز کی شراکت کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کو کھیل میں واپس لایا۔شہباز احمد نے 49 گیندوں پر 4 چھکے اور ایک چوکا لگا کر 54 رنز بنائے۔ علی رضا نے 44ویں اوور میں شہباز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ تلک ورما آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔ تلک نے 149 گیندوں پر سات چوکے اور ایک چھکا لگا کر 100 رنز بنائے۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان اے نے 49.2 اوورز میں 313 رنز بنائے۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستانی ٹیم 350 سے زیادہ ا سکور کر سکتی ہے لیکن ہندوستانی گیند بازوں نے درمیانی اوورز اور آخری لمحات میں شاندار واپسی کرتے ہوئے اننگز کو سمیٹ لیا۔