ملک کی سب سے بڑی پانی کی کمپنی بسلیری کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی ہے۔کل ایف ایس ایس اے آئی جو خوراک کی حفاظت کے لیے ذمہ دار سرکاری ایجنسی ہے اس نےبسلیری کے خلاف عدالتی کیس کی منظوری دے دی، کیونکہ اس کے پانی کے نمونے دو بار ٹیسٹ میں ناکام ہوئے۔ اس کا مطلب ہے کہ بسلیری کا پانی پینے کے لیے نا مناسب پایا گیا ہے۔پہلے ٹیسٹ میں پانی میں برومیٹ کی سطح قابل اجازت حد سے زیادہ پائی گئی، جسے صحت کے لیے خطرناک سمجھا جاتا ہے۔ کمپنی نے اس پر اعتراض کیا اور دوسرا ٹیسٹ کرایا گیا لیکن پانی پھر بھی غیر محفوظ پایا گیا۔ اس بار نمونے میں پی اے ایچ نامی کینسر پیدا کرنے والے مادے بھی پائے گئے۔ اہم بات یہ ہے کہ پانی کے نمونے بازار سے نہیں بلکہ بسلیری کے احاطے سے لیے گئے تھے۔واضح رہے کہ برومیٹ اور پی اے ایچ دونوں کو کینسر پیدا کرنے والے مادوں کے طور پر درجہ بندی کیا گیا ہے۔ بسلیری کے خلاف کی گئی کارروائی کے بارے میں، ایف ایس ایس اے آئی نے کہا ہے کہ یہ پانی پینے کے قابل نہیں ہے اور کمپنی کے خلاف فوڈ سیفٹی اینڈا سٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ تاہم، کمپنی نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ پچاس سال سے زیادہ پرانے برانڈ کے خلاف اس کارروائی نے لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ تاہم، ایف ایس ایس اے آئی نے نہ صرف بسلیری کے خلاف، بلکہ دیگر کمپنیوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہے۔