نئی دہلی(23 نومبر 2026): بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر سونی پت میں جہیز کی لالچ نے ایک خاندان کی خوشیاں ماتم میں بدل دیں، جہاں دلی پولیس میں تعینات ایک دولہا اپنی پسند کی گاڑی نہ ملنے پر شادی کی رسومات ادھوری چھوڑ کر اہلخانہ سمیت واپس لوٹ گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 20 نومبر کو سونی پت کے علاقے مام چند واٹیکا میں پیش آیا۔ دلہن کے والد سبھاش کمار کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق دولہا کلدیپ نے عین شادی سے قبل ہونڈائی اورا کے بجائے تقریباً 13 لاکھ بھارتی روپے مالیت کی ماروتی بریزا گاڑی دینے کی فرمائش کر دی تھی۔دلہن کے والد کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی دولہا کے لیے ساڑھے 9 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی بک کروا رکھی تھی، تاہم شادی سے محض ایک روز قبل دولہے کے انکار پر انہوں نے پرانی بکنگ منسوخ کر کے نئی گاڑی کا انتظام کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وقت کی قلت کے باعث گاڑی بروقت فراہم نہ کی جا سکی۔سافٹ ویئر انجینئر نوکری سے نکالے جانے پر حیران کُن طور پر جھوم اٹھاسبھاش کمار نے مزید الزام عائد کیا کہ لڑکے والوں نے گاڑی کے علاوہ بھاری زیورات کا بھی مطالبہ کیا تھا، جن میں دولہے کے لیے دو تولہ سونے کی چین، والدہ کے لیے چار تولہ سونے کی بالیاں اور چاندی کی پازیب سمیت دولہے کے بڑے بھائی اور بھابھی کے لیے بھی تحائف شامل تھے۔متاثرہ والد کے مطابق انہوں نے شادی کے انتظامات پر 25 سے 30 لاکھ روپے خرچ کیے تھے اور 1200 مہمانوں کی تواضع کا بندوبست کیا تھا۔شکایت کے مطابق شادی کے روز دولہا روایتی انداز میں بارات لانے کے بجائے اپنی والدہ کے ساتھ عام لباس میں شادی ہال پہنچا اور آتے ہی بریزا گاڑی کے بارے میں پوچھا۔ گاڑی موجود نہ ہونے پر دولہا اور اس کے اہلخانہ نے ہنگامہ کھڑا کر دیا اور دلہن کے بھائی ساحل سمیت دیگر افراد سے بدتمیزی اور جھگڑا کیا۔رشتہ داروں کی جانب سے بار بار منت سماجت کے باوجود دولہا اور اس کی والدہ شادی کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے تقریب سے چلے گئے، جبکہ دلہن عروسی لباس میں سجی منڈپ پر دولہے کا انتظار کرتی رہ گئی۔واقعے کے بعد پولیس کو طلب کر لیا گیا جبکہ دلہن کے والد نے مقامی تھانے میں تحریری درخواست دے کر دولہے اور اس کے خاندان کے خلاف جہیز کے مطالبے پر سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔