لندن: برطانوی ساحل کے قریب روسی جنگی جہاز پر 140 طیاروں کے جی پی ایس نظام میں خلل ڈالنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے، جس سے برطانیہ کے فضا میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا، متاثرہ پروازوں میں برٹش ایئرویز اور ایزی جیٹ بھی شامل تھیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق ایک روسی جنگی جہاز پر شبہ ہے کہ اس نے رواں ماہ کے آغاز میں برطانیہ کے ساحل کے قریب موجودگی کے دوران 140 طیاروں کے جی پی ایس نظام میں خلل ڈالا، جن میں برٹش ایئرویز، رائن ایئر اور ایزی جیٹ کی پروازیں بھی شامل تھیں۔آئی پیپر کی رپورٹ کے مطابق اندازاً 140 پروازوں کا جی پی ایس نظام 9 نومبر کو کام کرنا بند کر گیا تھا۔ جی پی ایس میں خلل ڈالنے (جیمنگ) سے مراد طاقت ور ریڈیو سگنلز کا استعمال ہے، جن کے ذریعے جی پی ایس نظام کو اس حد تک مغلوب کر دیا جاتا ہے کہ وہ مقام یا وقت کا تعین نہیں کر پاتا۔عام طور پر پائلٹ نیویگیشن سسٹم استعمال کر سکتے ہیں، لیکن یورپی یونین کی حکومتوں نے خبردار کیا ہے کہ روس کی جانب سے جی پی ایس میں خلل ڈالنے کے مشتبہ واقعات ایک بڑھتا ہوا خطرہ ہیں، کیوں کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ہزاروں طیاروں کے نظام پہلے ہی متاثر ہو چکے ہیں۔لندن میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کی رہائش گاہ پر چوریرپورٹ کے مطابق متاثر ہونے والی پروازوں میں ایڈنبرا سے روم جانے والی رائن ایئر کی ایک پرواز اور مانچسٹر سے مصر جانے والی ایزی جیٹ کی ایک پرواز بھی شامل تھی۔لندن سے اسٹاک ہوم جانے والا برٹش ایئرویز کا ایک طیارہ بھی مبینہ طور پر متاثر ہوا۔ بتایا گیا کہ پروازوں کے جی پی ایس نظام نے تقریباً 20 منٹ تک کام نہیں کیا۔حملے کے ماخذ کا سراغ برطانوی ساحل سے تقریباً 190 میل دور اس مقام تک لگایا گیا جہاں ایک روسی بحری جہاز بحیرۂ شمال سے گزر رہا تھا۔ اس وقت روسی جنگی جہاز مبینہ طور پر تین بحری جہازوں، لیڈی آر، لیڈی ڈی اور مایا-1 کو اپنے حفاظتی حصار میں لے کر چل رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تینوں جہاز فوجی سامان کی نقل و حمل سے منسلک ہیں۔برطانیہ کے اتنے قریب سیٹلائٹ نیویگیشن میں روسی مداخلت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ولادیمیر پیوٹن کو اس ہائبرڈ حملے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تو یہ کشیدگی میں بڑے اضافے کی علامت ہوگا۔بتایا جاتا ہے کہ جس وقت جی پی ایس میں خلل ڈالنے کا واقعہ پیش آیا، اس وقت نیٹو کے بحری جہاز اس قافلے کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ مشتبہ حملے کے پیچھے روس تھا یا نہیں، تاہم بحری انٹیلی جنس کے ایک سابق افسر نے اس کا الزام روسی جنگی جہاز پر عائد کیا ہے۔