لندن : برطانوی پنشن محکمے پر بڑا سائبر حملہ کیا گیا ہے جس کے سبب متعدد آن لائن سروسز بند ہوگئیں، تاہم عوام کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی کا ثبوت نہیں ملا۔برطانیہ کے پنشن اور فلاحی ادائیگیوں کا انتظام کرنے والے سرکاری محکمے پر سنگین سائبر حملے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر محکمے کی متعدد سروسز عارضی طور پر آف لائن کردی گئی ہیں۔متعلقہ اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک شہریوں کا ذاتی ڈیٹا متاثر ہونے یا چوری کیے جانے کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی محکمے نے جمعے کو سائبر سیکیورٹی کے سنگین واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام اس امکان کا بھی جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا اس کے پیچھے کسی شرپسند گروہ یا سائبر حملہ آور کا ہاتھ ہے۔برطانوی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنگین سائبر واقعہ ہے اور اس کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ان کے مطابق حکومت کا محکمہ نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر اور دیگر متعلقہ سرکاری حکام کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے تاکہ متاثرہ سروسز کو جلد از جلد دوبارہ فعال کیا جاسکے۔وزیر نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ پنشن اور دیگر سرکاری فلاحی مراعات کی معمول کی ادائیگیاں متاثر نہیں ہوئیں اور وہ پہلے کی طرح جاری ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت عوام کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ کسی بھی شہری کی ذاتی معلومات یا تفصیلات کے افشا یا متاثر ہونے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔دوسری جانب برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ فی الحال ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ کسی سائبر حملہ آور نے دیگر سرکاری محکموں کو بھی نشانہ بنایا ہو۔