ملک بھر کے بینکوں میں ایسے ہزاروں کھاتے ہیں، جن میں جمع رقم پر برسوں سے کسی نے دعویٰ نہیں کیا ہے۔ اب یہ رقم غیر دعویٰ شدہ ڈپازٹ کے زمرے میں آگئی ہے۔ اس کی مالیت 20 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ اتراکھنڈ ہلدوانی کے رہنے والے سماجی کارکن ہیمنت سنگھ گونیا کی جانب سے رائٹ ٹو انفارمیشن (آر ٹی آئی) قانون کے تحت اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) سے طلب کردہ معلومات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے۔ موصولہ معلومات کے مطابق ایس بی آئی نے ملک بھر میں 4 مالیاتی برسوں کے دوران 20278.91 کروڑ روپے کی غیر دعویٰ شدہ رقم جمع کنندگان کی تعلیم و بیداری کے فنڈ (ڈی ای اے فنڈ) میں جمع کرائی ہے۔آر ٹی آئی کے جواب میں ملک بھر کے دیگر بینکوں کے اعداد و شمار بھی تفصیل سے فراہم کیے گئے ہیں۔ ایس بی آئی کی بات کریں تو سب سے زیادہ 6970.27 کروڑ روپے مالیاتی سال 23-2022 میں ڈی ای اے فنڈ میں جمع کرائے گئے۔ ہر مالیاتی سال میں اس رقم میں کمی آئی ہے۔ مالیاتی سال 26-2025 میں 2647.19 کروڑ روپے جمع کرائے گئے ہیں۔ ڈی ای اے فنڈ یعنی جمع کنندگان کی تعلیم و بیداری کا فنڈ۔ آسان الفاظ میں سمجھیں تو بینکوں میں 10 سال یا اس سے زیادہ عرصے تک غیر فعال رہنے والے اہل کھاتوں کی وہ رقم، جس پر کسی نے دعویٰ نہیں کیا ہوتا، اس فنڈ میں جمع کر دی جاتی ہے۔ اس فنڈ کا انتظام ریزرو بینک آف انڈیا کرتا ہے۔ یہ رقم حکومت کی نہیں ہوتی، بلکہ کھاتے کا مالک یا اس کا قانونی وارث متعلقہ بینک میں دعویٰ کرکے اسے حاصل کر سکتا ہے۔آر ٹی آئی سے موصولہ معلومات کے مطابق ملک بھر میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شاخوں میں مالیاتی سال 23-2022 کے دوران 6970.27 کروڑ روپے، 24-2023 میں 6038.86 کروڑ روپے، 25-2024 میں 4622.59 کروڑ روپے اور 26-2025 میں 2647.19 کروڑ روپے کی جمع شدہ رقم درج کی گئی۔ اس طرح 4 مالیاتی برسوں میں مجموعی طور پر 20278.91 کروڑ روپے جمع کیے گئے۔ نینیتال میں لی بینک آفیسر امت واجپئی کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک کھاتوں میں لین دین نہ ہونے پر ضابطوں کے مطابق اہل کھاتوں کی جمع شدہ رقم تعلیم و بیداری کے فنڈ میں منتقل کر دی جاتی ہے۔ حالانکہ اس سے اکاؤنٹ ہولڈر کی رقم ختم نہیں ہوتی۔اکاؤنٹ ہولڈر یا اس کے قانونی وارث ضروری دستاویزات کے ساتھ متعلقہ بینک میں دعویٰ پیش کر سکتے ہیں۔ آر ٹی آئی سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ دعوؤں کی بنیاد پر ڈی ای اے فنڈ سے 4 سال کے دوران لوگوں کو 5216.15 کروڑ روپے واپس کیے گئے ہیں۔ اس میں سال 23-2022 کے دوران 2534.39 کروڑ روپے، 24-2023 میں 592.32 کروڑ روپے، 25-2024 میں 391.76 کروڑ روپے اور 26-2025 میں 1697.68 کروڑ روپے شامل ہیں۔ یہ رقم بینکوں کی جانب سے پیش کیے گئے دعوے کی بنیاد پر سود سمیت واپس کی گئی۔