سعودی عرب میں آئل ریفائنری پر فضائی حملہ، متعدد زخمی

Wait 5 sec.

سعودی عرب کے علاقے جازان میں آئل ریفائنری پر فضائی حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔سعودی وزارت توانائی کے مطابق جازان ریفائنری پر حملے کے نتیجے میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور ریفائنری کے بعض آپریشنل امور  معطل کر دیےگئے ہیں۔وزارت توانائی نے بتایا کہ جازان ریفائنری پر حملے میں نیپالی شہریت کا حامل ایک کارکن جاں بحق ہوا جب کہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد زخمی ہوئے۔حملے کے بعد ہنگامی اور تکنیکی ٹیموں نے فوری کارروائیاں شروع کر دیں، ریفائنری کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور متعلقہ ادارے ریفائنری کی تنصیبات کی حفاظت کا جائزہ لے رہے ہیں۔حوثی ملیشیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کی رابغ آئل ریفائنری کو براہ راست نشانہ بنایا ہے اور حملہ اپنے ہدف پر لگا ہے۔تاہم اس مبینہ حملے کے نتیجے میں ہونے والے کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں اور نہ ہی سعودی حکام کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق کی گئی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کے شہر رابغ میں "پیٹرو رابغ” کا ایک بہت بڑا آئل ریفائننگ اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس قائم ہے، جسے سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی سعودی آرامکو اور جاپان کی معروف کمپنی سومیتومو کیمیکل نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔یہ اسٹریٹجک صنعتی کمپلیکس جدہ سے تقریباً 165 کلومیٹر شمال میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔