تیز رفتار کشتی پل سے جا ٹکرائی، خوفناک ویڈیو نے دل دہلا دیے

Wait 5 sec.

لندن : برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں دریائے ٹیمز پر پیش آنے والے پولیس کشتی حادثے کی نئی ویڈیو منظرعام پر آگئی ہے، جس میں کشتی کو ویسٹ منسٹر برج سے ٹکراتے اور الٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پولیس افسران کو لے جانے والی کشتی دریائے ٹیمز میں سفر کر رہی تھی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کشتی اچانک اپنا رخ بدلتے ہوئے پل کے ستون سے ٹکرا جاتی ہے، جس کے بعد وہ ایک جانب الٹ جاتی ہے۔ حادثے کے دوران متعدد افراد کو دریا میں گرتے بھی دیکھا گیا۔حادثے میں چار پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ایک پانچواں اہلکار بھی علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا، تاہم بعد ازاں اسے طبی معائنے کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔میٹروپولیٹن پولیس کے کمانڈر نک جان نے کہا کہ زخمی اہلکاروں کی حالت تشویشناک ضرور ہے لیکن ان کی جان کو خطرہ لاحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام زخمی اہلکاروں کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ جلد صحت یاب ہو سکیں۔انہوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے دریا میں موجود شہریوں، پولیس، فائر بریگیڈ، رائل نیشنل لائف بوٹ انسٹی ٹیوشن اور دیگر ہنگامی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی نے مزید جانی نقصان سے بچا لیا۔حادثے کے بعد ایمبولینسیں، فائربریگیڈ کی گاڑیاں اور پولیس کی متعدد گاڑیاں دریائے ٹیمز کے کنارے ایمبینکمنٹ کے علاقے میں پہنچ گئیں، جبکہ فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹر اور ایئر ایمبولینس بھی موقع پر موجود رہے۔واقعے کے باعث ویسٹ منسٹر برج اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک شدید متاثر ہوئی، کئی بسوں اور کوچز کو متبادل راستوں پر بھیج دیا گیا، جبکہ رش کے وقت بڑی تعداد میں لوگ جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے۔