دمشق (26 جولائی 2026): شام میں مسافر بس اور سیکیورٹی فورسز کی گاڑی میں ہولناک تصادم سے 35 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔الجزیرہ کے مطابق حادثہ گزشتہ روز مشرقی شام کو دارالحکومت سے ملانے والے دمشق روڈ پر السخنہ اور پالمیرا کے درمیان پیش آیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسافر بس اور سکیورٹی فورسز کی بس آپس میں ٹکرانے سے دونوں بسوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں اموات ہوئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ بسوں کی باڈی کو کاٹ کر متعدد مسافروں کو باہر نکالا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جب کہ شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے حمص کے ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا۔کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث اموات کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔شامی وزارت داخلہ کے مطابق ایک بس میں داخلی سکیورٹی فورسز کے ارکان سوار تھے جبکہ دوسری بس شہریوں کو لے جا رہی تھی۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔شامی حکام نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ سڑک پر ٹریفک بحال کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔