نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی قیادت میں انڈیا اتحاد کے ارکان پارلیمنٹ نے طلبہ کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے گاندھی اسمرتی پہنچ کر مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اپوزیشن نے طلبہ پر تشدد، تعلیمی نظام میں بے ضابطگیوں اور امتحانات سے متعلق تنازعات پر وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی دہرایا۔راہل گاندھی کی قیادت میں انڈیا اتحاد کے متعدد ارکان پارلیمنٹ جمعرات کے روز گاندھی اسمرتی جانے کے لیے روانہ ہوئے، تاہم راستے میں دہلی پولیس نے ان کی بس کو مختلف مقامات پر روک دیا۔ اپوزیشن رہنماؤں کا الزام ہے کہ پولیس نے بیریکیڈنگ اور سرکاری بسیں کھڑی کرکے انہیں آگے بڑھنے سے روکنے کی کوشش کی۔ کچھ دیر کی رکاوٹ کے بعد انہیں آگے جانے کی اجازت دی گئی اور وہ گاندھی اسمرتی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے راشٹر گیت بھی گایا۔گاندھی اسمرتی پہنچنے کے بعد راہل گاندھی نے کہا کہ اسی مقام پر مہاتما گاندھی کو قتل کیا گیا تھا اور آج مودی حکومت ہندوستان میں جمہوریت کا قتل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طلبہ پر ظلم کر رہی ہے، انہیں احتجاج کرنے پر مارا پیٹا جا رہا ہے اور اپوزیشن اس صورتحال کو قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو عہدے سے ہٹانا چاہیے اور ملک کے طلبہ سے معافی مانگنی چاہیے۔اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ جب ملک کے طلبہ سڑکوں پر ہیں تو اپوزیشن جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ان طلبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے جو اپنے مستقبل اور انصاف کے مطالبے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انڈیا اتحاد کے رہنما ان طلبہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گاندھی اسمرتی جا رہے ہیں جنہوں نے تعلیمی نظام کی ناکامیوں اور امتحانات سے متعلق تنازعات کے بعد اپنی جانیں گنوائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو طلبہ پُرامن طور پر جواب دہی اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے زخمی ہوئے ہیں، اپوزیشن ان کے ساتھ کھڑی ہے۔کانگریس رہنما سندیپ دکشت نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر ارکان پارلیمنٹ پارلیمنٹ جا سکتے ہیں تو انہیں گاندھی اسمرتی جانے سے کیوں روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت نے پہلے سے راستے بند کرنے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کی ضرورت کیوں محسوس کی۔देश के भविष्य के लिए, छात्रों के लिए pic.twitter.com/ny3FSRq0bZ— Congress (@INCIndia) July 23, 2026नेता विपक्ष श्री @RahulGandhi समेत विपक्ष के सांसदों ने गांधी स्मृति में उन छात्रों को श्रद्धांजलि अर्पित की, जिनकी जान NEET पेपर लीक की वजह से गई। वे बच्चे हमारी यादों में जिंदा रहेंगे। हम उनके लिए न्याय की लड़ाई लड़ेंगे। pic.twitter.com/VIcKKZNzkN— Congress (@INCIndia) July 23, 2026دوسری جانب وزارت داخلہ نے سکیورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے جنتر منتر کے اطراف تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کے علاقے میں شام چار بجے سے رات بارہ بجے تک موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاقے میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ نئی دہلی کے جنتر منتر پر طلبہ کا احتجاج بدستور جاری ہے۔ طلبہ مختلف تعلیمی مسائل، امتحانات میں بے ضابطگیوں اور وزیر تعلیم کے استعفیٰ سمیت اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دیے ہوئے ہیں، جبکہ متعدد اپوزیشن جماعتیں ان کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کر چکی ہیں۔