رباط (28 جولائی 2026): شمالی افریقہ کے ملک مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے شاہی فرمان جاری کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق شمالی افریقہ کے مسلم ملک مراکش کے بادشاہ محمد ششم نے شاہی فرمان جاری کیا ہے، جس کے تحت ملک کی 650 میل طویل شاہراہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے منسوب کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مراکش کے بادشاہ محمد ششم کی جانب سے جاری شاہی فرمان میں کہا گیا کہ تزنیت سے جنوبی شہر داخلہ تک قائم شاہراہ کا نام ڈونلڈ جے ٹرمپ رکھ دیا گیا ہے۔اس فرمان کے بعد عمومی طور پر داخلہ ایکسپریس وے کے نام سے پہچانی جانے والی شاہراہ کو اب ڈونلڈ ٹرمپ شاہراہ پکارا جائے گا۔اس 655 میل (1055 کلومیٹر) طویل ساحلی شاہراہ کی تعمیر پر ایک ارب امریکی ڈالر کی لاگت آئی تھی۔دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے شاہراہ کو اپنے نام سے منسوب کرنے پر مراکش کے بادشاہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ٹرمپ نے اپنے پیغام میں شاہ مراکش محمد ششم سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ شاہ مراکش کا اس عظیم اعزاز دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ امید ہے کہ جلد ہی مجھے اس شاندار شاہراہ پر سفر کرنے کا موقع ملے گا۔