ضلع شاہدرہ کے گیتا کالونی تھانہ علاقے میں جمنا کھادر کے قریب پیر کی شام ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ جمنا ندی میں نہانے گئے چار دوستوں کے ڈوب جانے کا خدشہ ہے۔نیوز پورٹل’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران فائر ڈیپارٹمنٹ نے ایک شخص کی لاش نکال لی۔ متوفی کی شناخت چالیس سالہ سونو کے طور پر کی گئی ہے۔ باقی تینوں کی تلاش جاری ہے۔ شائع خبرو ں کے مطابق تاہم پیر کی رات اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن کو روکنا پڑا۔معلومات کے مطابق یہ واقعہ گیتا کالونی علاقے میں زیرو پشتہ روڈ پر مدینہ مسجد کے قریب پیش آیا۔ کنبہ والوں نے بتایا کہ چاروں دوست گاندھی نگر علاقہ میں ایک ساتھ شراب پی رہے تھے۔ اس کے بعد وہ دریائے جمنا میں نہانے گئے جہاں شبہ ہے کہ چاروں ڈوب گئے۔دہلی فائر سروس کے حکام کے مطابق یہ واقعہ شام 7 بجکر 20 منٹ پر پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی دو فائر ٹینڈر جائے وقوعہ پر روانہ کیے گئے اور دو منٹ میں فائر ٹیمیں پہنچ گئیں۔ اس کے بعد دریائے جمنا میں تلاش اور بچاؤ آپریشن شروع کیا گیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران فائر بریگیڈ کی ٹیم نے ایک شخص کو دریا سے نکال لیا۔اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی شناخت چالیس سالہ سونو کے طور پر ہوئی ہے۔ فی الحال باقی تین افراد کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے بتایا کہ رات کے اندھیرے کی وجہ سے دریا میں تلاش مشکل ہو گئی۔ نتیجتاً رات بھر ریسکیو آپریشن روک دیا گیا۔فائر ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ابھی تک حادثے کے حالات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔ پولیس اور ریسکیو ادارے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ڈوبنے والے دیگر افراد کی شناخت اور عمر کے حوالے سے بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں فی الحال جمنا کے کنارے موجود ہیں۔ لواحقین بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور تینوں لاپتہ افراد کے بارے میں معلومات کا انتظار کر رہے ہیں۔ ریسکیو آپریشن کے بعد ہی کیس کا مستقبل واضح ہو سکے گا۔