ہند نژاد انل مینن خلا میں رقم کریں گے نئی تاریخ، آئندہ ہفتہ کریں گے اسپیس واک

Wait 5 sec.

ہندوستانی نژاد ناسا کے خلاباز انل مینن اگلے ہفتے اپنے کیریئر کی پہلی اسپیس واک کریں گے۔ ناسا نے پیر کے روز اطلاع دی کہ وہ بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے باہر نکل کر ’سولر ایرے‘ کو اپگریڈ کریں گے اور مواصلاتی اینٹینا تبدیل کریں گے۔ انل مینن کا تعلق کیرالہ کے پلکّڑ سے ہے۔ وہ 6 اگست کو ساتھی خلاباز جیسیکا میر کے ساتھ اسپیس واک کا آغاز کریں گے۔ وہ مستقبل میں انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن رول-آؤٹ سولر ایرے (آئی روسا) کے قیام کے لیے آربیٹل لیب کو تیار کریں گے۔واضح رہے کہ آئی روسا اسٹیشن محفوظ اور کنٹرول شدہ ڈیوربٹ سمیت اہم کاموں کے لیے اضافی توانائی سپلائی کرے گا۔ اسپیس واک 6 اگست، 13 اگست اور 25 اگست کو طے کیے گئے ہیں۔ 13 اگست کو ہونے والے دوسرے اسپیس واک کے دوران خلاباز ’اسپیس-ٹو-گراؤنڈ اینٹینا‘ تبدیل کریں گے۔ یہ ایک اہم مواصلاتی نظام ہے، جو ہیوسٹن میں ناسا کے مشن کنٹرول سینٹر اور خلائی اسٹیشن کے درمیان ڈیٹا اور تیز رفتار مواصلات بھیجنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ 25 اگست کو ہونے والے اسپیس واک میں عملے کے ارکان پاور چینل کیبلز اور ڈیٹا ریلے سسٹم کو جوڑیں گے۔ اس کے علاوہ ’ہارمونی ماڈیول‘ کے ’فارورڈ پورٹس‘ پر خلائی طیارے کی ڈاکنگ کے لیے استعمال ہونے والی نیوی گیشن ایڈ کو بھی تبدیل کر دیا جائے گا۔انل مینن نے گزشتہ ہفتے خلا سے ’اسپیکس‘ کے جنوبی ٹیکساس میں واقع لانچ سائٹ ’اسٹار بیس‘ کی تصویر شیئر کی تھی۔ مینن نے سویوز ایم ایس-29 خلائی طیارے پر 14 جولائی کو خلائی اسٹیشن کا سفر مکمل کیا۔ وہ تقریباً 8 مہینے مدار میں گزاریں گے اور اس دوران وہ سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی کی کارکردگی میں حصہ لیں گے۔