نئی دہلی(21 جولائی 2026): بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں بھارتی نوجوانوں کا اگر کوئی بدترین دشمن وزیراعظم ہے تو وہ نریندر مودی ہیں۔کالج اور میڈیکل کے داخلہ امتحانات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی اور پیپر لیک ہونے کے معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ملک کے لاکھوں طلبہ کے پیپر لیک ہوئے، لیکن حکومت کی جانب سے ایک بھی ذمہ دار شخص کو سزا نہیں دی گئی۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سزا ملی ہے تو وہ دن رات محنت کرنے والے ان نوجوانوں کو ملی ہے جنہیں احتجاج کرنے اور وفاقی وزیرِ تعلیم سے استعفیٰ مانگنے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔کانگریس رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پیپر لیک کا جرم کرنے والے اصل مجرم آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے والے نوجوانوں کو پولیس تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اسی اثنا میں نئی دہلی میں امتحانات میں ہونے والی شدید بے ضابطگیوں اور پیپر لیک اسکینڈل کے خلاف ہزاروں طلبہ اور مظاہرین نے پارلیمنٹ کی جانب احتجاجی مارچ کیا۔مظاہرین نے وفاقی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔