نیویارک : میئر نیویارک ظہران ممدانی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی گرفتاری کے بیان پر یوٹرن لے لیا اور کہا انتظامیہ انہیں گرفتار نہیں کر سکتی۔تفصیلات کے مطابق نیویارک شہر کے میئر ظہران ممدانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف موجود بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ گرفتاری کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے، تاہم اس وقت نیویارک شہر کی انتظامیہ انہیں گرفتار نہیں کر سکتی۔ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اس قانونی پہلو کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا اگر نیتن یاہو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آئیں تو بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹ کے تحت ان کی گرفتاری ممکن ہے یا نہیں۔انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ اگر قانونی طور پر ممکن ہو تو نیتن یاہو کے خلاف جاری وارنٹ پر عمل درآمد کیا جائے۔میئر نیویارک نے مزید کہا کہ "نیتن یاہو جنگی مجرم ہیں اور ان کی اصل جگہ ہیگ میں بین الاقوامی فوجداری عدالت کے سامنے ہے، جہاں ان پر مبینہ جرائم کی سماعت ہونی چاہیے۔”واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آمد متوقع ہے، جس کے تناظر میں ان کے خلاف جاری آئی سی سی وارنٹ پر ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے۔