گجرات (27 جولائی 2026): بھارت کی ریاست گجرات میں گزشتہ چار روز سے جاری موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی 50 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں گزشتہ چار روز سے جاری موسلادھار بارش نے پوری ریاست میں تباہی مچا دی ہے۔ مسلسل بارش اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 50 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔مسلسل بارشوں سے ریاست کے کئی علاقوں میں نظام زندگی مکمل درہم برہم ہو چکا ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ سیلابی ریلوں سے درجنوں نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں اور ہزاروں لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے ہیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق شدید بارشوں سے سب سے زیادہ نوساری اور ولساڈ اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ نوساری میں 22 جب کہ ولساڈ میں 7 افراد کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی بارش سے متعلق حادثات میں کئی لوگوں کی جان گئی ہے۔حکام کے مطابق مسلسل بارش کے باعث ریاست بھر میں تقریباً 8,000 سے زیادہ بجلی کے کھمبے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 650 سے زیادہ سڑکیں بند ہونے سے آمدورفت مکمل یا جزوہ معطل ہیں۔