ایران کا جوہری پلانٹ پر حملے کا بدلہ لینے کا دعویٰ ، بحرین میں ایمازون ڈیٹا سینٹر تباہ

Wait 5 sec.

تہران : ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے جوہری پلانٹ پر حملے کا بدلہ لینے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا بحرین میں امریکی کمپنی ایمازون کا ڈیٹا سینٹر اڑا دیا ہے اور حملے میں عمارت ملیا میٹ کردی۔تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد مشرقِ وسطیٰ شدید جنگ کی لپیٹ میں آگیا۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دارخوین جوہری تنصیب پر ہونے والے حملے کا اینٹ کا جواب پتھر سے دیتے ہوئے بحرین میں قائم امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ‘ایمازون’ کے ڈیٹا سینٹر کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ بحرین میں ایمازون کے ڈیٹا سینٹر پر کیے گئے حملے میں عمارت مکمل طور پر ملیا میٹ ہو گئی تاہم، اس حساس معاملے پر بحرین کی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ایران نے اہواز میں کیے گئے حملوں کے ردعمل میں عراق کے اربیل ایئرپورٹ کو ڈرونز سے نشانہ بنایا، اس کے علاوہ کویت، اردن اور بحرین میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر ایندھن کے ذخائر، گوداموں اور فوجی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ اردن کے الازرق ایئر بیس پر طیاروں کے ہینگر اور امریکی فوجیوں کی رہائش گاہوں پر حملے کیے گئے۔ایرانی فوج اور ایئر ڈیفنس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے ایرانی ایئر ڈیفنس سسٹم نے کرمان کے قریب حملہ آور امریکی کروز میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، ایرانی فوج نے قیشم جزیرے کے قریب ایک امریکی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا۔دوسری جانب جنگ بندی معاہدہ ختم ہونے کے بعد آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکروں کی آمدورفت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے ‘روئٹرز’ کے مطابق آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکروں کی آمدورفت تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، اس راستے سے محض 3 ٹینکر گزرے تھے، جبکہ گزشتہ روز صرف ایک آئل ٹینکر نے یہ آبنائے پار کی۔آبنائے ہرمز کی اس غیر اعلانیہ بندش اور جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں یکدم بڑھ کر 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں، جس سے دنیا بھر میں بڑے معاشی بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔