ابھیجیت دیپکے نے چیف جسٹس کے نام پیغام میں کیا کہا؟

Wait 5 sec.

بھارت میں کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے سربراہ ابھیجیت دیپکے کا چیف جسٹس سوریا کانت کے نام پیغام سامنے آگیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے بعد سی جے پی کے سربراہ ابھیجیت دیپکے نے جنتر منتر میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کاکروچ کہنے کا شکریہ۔ابھیجیت دیپکے نے چیف جسٹس آف انڈیا سوریا کانت کا نام لیتے ہوئے کہا کہ اگر چیف جسٹس ہمیں کاکروچ نہ کہتے تو میں بھارت واپس نہیں آتا اور یہ تحریک کبھی شروع نہیں ہوتی۔ابھیجیت دیپکے نے واضح کیا کہ دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ تو ہو گیا ہے لیکن ہماری دو اور اہم مانگیں ابھی باقی ہیں، اور ہم ایسے آسانی سے نہیں جائیں گے کیونکہ کاکروچ ایک بار آ جائیں تو آسانی سے نہیں جاتے۔انہوں نے کہا کہ خودکشی کرنے والے طلبہ کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے، طلبہ کے خلاف پولیس کے غنڈہ گردی اور ایکشن پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور احتجاج کرنے والے تمام طلبہ پر بنائے گئے جھوٹے مقدمات فوراً واپس لیے جائیں۔یہ پڑھیں: بھارت میں طلبہ تحریک : امتحانی اسکینڈل نے کس طرح بغاوت کو جنم دیا؟واضح رہے کہ نوجوانوں کی جانب سے یہ تحریک 15 مئی کو سپریم کورٹ میں ہونے والی ایک سماعت کے بعد شروع ہوئی تھی، جب چیف جسٹس سوریا کانت نے سینئر ایڈووکیٹ کے عہدے سے متعلق کیس کے دوران کہا تھا کہ کچھ نوجوان کاکروچوں کی طرح ہیں، جنہیں نہ روزگار ملتا ہے اور نہ ہی پیشے میں کوئی جگہ۔بعد ازاں چیف جسٹس نے وضاحت کی تھی کہ ان کا اشارہ صرف جعلی قانون کی ڈگری رکھنے والوں کی طرف تھا، بے روزگار نوجوانوں کی طرف نہیں، تاہم یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا۔اس کے اگلے ہی روز بوسٹن میں مقیم طالب علم اور عام آدمی پارٹی کے سابق کمیونیکیشنز اسٹریٹجسٹ ابھیجیت دیپکے نے ایک طنزیہ پوسٹ کے ذریعے کاکروچ جنتا پارٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اسے ان تمام ’’کاکروچوں‘‘ کا پلیٹ فارم قرار دیا جو بے روزگار، سوشل میڈیا پر سرگرم اور نظام پر تنقید کرنے والے نوجوان ہیں۔بعد ازاں نیٹ امتحان کے پرچہ لیک ہونے کے معاملے پر عوامی غصہ بڑھنے کے ساتھ یہ مہم ایک بڑی احتجاجی تحریک میں تبدیل ہوگئی، ابھیجیت دیپکے جون کے آغاز میں بھارت واپس آئے اور جنتر منتر پر احتجاج کی قیادت سنبھالی۔تحریک کا بنیادی مطالبہ امتحانی بے ضابطگیوں پر وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ تھا جو آج پورا ہوگیا ہے۔