کار ساز کمپنی کا5 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان

Wait 5 sec.

برلن : جرمن لگژری کار ساز کمپنی ’پورشے‘ نے 5 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کردیا ، اس سے قبل فروری 2025 میں 3,900 ملازمتیں ختم کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔تفصیلات کے مطابق جرمن لگژری کار ساز کمپنی پورشے نے کمزور طلب اور سخت عالمی مقابلے کے باعث سال 2035 تک اپنی ورک فورس میں سے تقریباً 20 فیصد ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کردیا۔پیرنٹ کمپنی ووکس ویگن اور اس کے دیگر برانڈز میں جاری ری سٹرکچرنگ کے تحت پورشے مجموعی طور پر 9,000 اسامیاں ختم کرے گی۔انتظامیہ اور لیبر نمائندوں کے درمیان مہینوں کے مذاکرات کے بعد پیر کے روز ایک نئے معاہدے کا اعلان کیا گیا، جس کے تحت مزید 5,000 ملازمتیں ختم کی جائیں گی، تاہم لازمی برطرفیوں کے بجائے رضاکارانہ اسکیموں اور قدرتی ریٹائرمنٹ کا راستہ اپنایا جائے گا۔اس سے قبل فروری 2025 میں 3,900 ملازمتیں ختم کرنے پر اتفاق ہوا تھا، جبکہ رواں سال سی ای او مائیکل لیٹرز نے ذیلی کمپنیوں کی بندش کے باعث مزید 500 ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ سال 2024 کے اختتام پر پورشے کے ملازمین کی کل تعداد لگ بھگ 42,600 تھی۔خیال رہے رواں سال کے آغاز میں چارج سنبھالنے والے سی ای او مائیکل لیٹرز کو پورشے کے بزنس کو سنبھالنے کا ٹاسک دیا گیا تھا، کیونکہ چین کی منافع بخش مارکیٹ میں پورشے کی فروخت بری طرح گر گئی ہے اور اس کی الیکٹرک وہیکل اسٹریٹجی بھی مشکلات کا شکار ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کٹوتی سیلز میں ہونے والی کمی کے عین مطابق ہے۔ چونکہ چین میں فوری طور پر دوبارہ مضبوط گروتھ کی امید نہیں ہے، اس لیے لاگت کم کرنے کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہو چکے تھے۔پورشے کے علاوہ دیگر جرمن کار ساز کمپنیاں جیسے مرسڈیز بینز اور بی ایم ڈبلیو بھی چینی حریفوں سے مقابلے اور بھاری ٹیرف کے باعث لاگت کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔