اسلام آباد : یورپی ممالک کا سفر کرنے والے تمام غیر ملکی مسافروں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق نئی شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔غیر ملکی مسافروں کے لیے یورپی یونین نے انٹری/ ایگزٹ کا نیا نظام متعارف کرادیا جو 10 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوچکا ہے۔بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے یاددہانی کے طور پر آگاہ کیا ہے کہ یورپی یونین کا نیا انٹری/ایگزٹ سسٹم (Entry/Exit System) 10 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوچکا ہے، جس کا مقصد یورپی سرحدی نظام کو مزید محفوظ، جدید اور مؤثر بنانا ہے۔بیورو کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق ای ای ایس ایک جدید اور خودکار ڈیجیٹل بارڈر مینجمنٹ سسٹم ہے، جو یورپی یونین کے رکن ممالک میں مختصر مدت کے لیے سفر کرنے والے غیر یورپی شہریوں کے داخلے اور روانگی کا ریکارڈ خودکار طریقے سے محفوظ کرے گا۔اس نظام کے تحت مسافروں کے پاسپورٹ کی معلومات، تصویر اور انگلیوں کے نشانات (فنگر پرنٹس) بارڈر کنٹرول پر محفوظ کیے جائیں گے، جس سے سرحدی کارروائی کو مزید مؤثر اور محفوظ بنایا جا سکے گا۔بیورو کے مطابق نئے نظام کے نفاذ سے بارڈر پر انتظار کا وقت کم ہوگا، سیکیورٹی میں اضافہ ہوگا، جعلی شناخت اور سفری دستاویزات کے استعمال کی روک تھام ممکن ہوگی، جبکہ مقررہ مدت سے زیادہ قیام کرنے والے افراد کی بہتر نگرانی بھی کی جاسکے گی۔تمام مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ یورپی ممالک کے سفر سے قبل وہ اس نئے نظام سے متعلق آگاہی حاصل کریں اور امیگریشن کے دوران بائیومیٹرک معلومات فراہم کرنے کے لیے تیار رہیں، تاکہ سفری عمل بلا رکاوٹ مکمل ہوسکے۔بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے مزید کہا ہے کہ یہ نظام یورپی یونین میں داخلے اور اخراج کے عمل کو زیادہ محفوظ، شفاف اور جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔