نئی دہلی(27 جولائی 2026): بھارتی ریاست مہاراشٹر میں نیٹ امتحان کی تیاری کرنے والی ایک طالبہ انکیتا سانگلے نے امتحان میں کم نمبر آنے پر مبینہ طور پر گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کر لی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انکیتا کے والدین نے بتایا کہ میڈیکل کے اس مقابلے کے امتحان میں محض 166 نمبر حاصل کرنے کے بعد سے شدید ذہنی تناؤ اور صدمے کا شکار تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز شام ساڑھے چار بجے کے قریب انکیتا کو اس کے کمرے میں مردہ پایا گیا، جبکہ تلاشی کے دوران پولیس کو مراٹھی زبان میں لکھا گیا ایک سوسائیڈ نوٹ بھی ملا ہے۔اپنے آخری خط میں انکیتا نے اپنے اہلِ خانہ سے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ان کے خواب پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔اس نے لکھا کہ اس کے گھر والوں نے اس کی تیاری کے لیے اپنی ہر خوشی قربان کی اور ہر مشکل میں اس کا ساتھ دیا، لیکن وہ امتحان میں ناکامی کا صدمہ برداشت نہ کر سکی۔اس نے اپنے بھائی سے والدین کا خاص خیال رکھنے کی درخواست بھی کی۔مقامی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔