واشنگٹن(27 جولائی 2026): جیفری ایپسٹین کی کروڑوں ڈالرز کی جائیداد کی ممکنہ وارث کرینا شولیاک سمجھی جاتی ہیں۔ بدنامِ زمانہ امریکی سرمایہ کار اور سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کی 2019 میں وفاقی جیل میں ہونے والی پراسرار موت کے کئی برس بعد اب ان کی کروڑوں ڈالرز مالیت کی جائیداد کی وارثی پر توجہ مرکوز ہو گئی ہے، اور ان کی طویل عرصے تک رہنے والی گرل فرینڈ کرینا شولیاک اس دولت کی اہم ممکنہ وارث سمجھی جا رہی ہیں۔عدالتی دستاویزات سے انکشاف ہوا ہے کہ جیفری ایپسٹین نے اپنی موت سے صرف دو روز قبل ایک نئی وصیت پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت ’1953 ٹرسٹ‘ کے نام سے ایک نجی ٹرسٹ قائم کی گئی اور کرینا شولیاک کو اس کی بڑی شخصیت میں شامل کیا گیا۔امریکی محکمہ انصاف کے ریکارڈ کے مطابق کرینا شولیاک ہی وہ آخری شخص تھیں جن سے ایپسٹین نے جیل سے باہر اپنی موت سے قبل آخری ٹیلیفون کالز کے ذریعے آخری بار بات کی تھی۔ایپسٹین کی موت کے وقت ان کی مجموعی جائیداد کی مالیت تقریباً 600 ملین ڈالرز تھی، جس میں سے 200 سے زائد متاثرین کو 170 ملین ڈالرز سے زائد بطور ہرجانہ ادا کیے گئے، جبکہ حکومت کے ساتھ مختلف قانونی تصفیے بھی کیے گئے۔ حالیہ ٹیکس ریفنڈ کے بعد ان کے باقی اثاثوں کی مالیت 120 سے 150 ملین ڈالرز کے درمیان بتائی جاتی ہے۔اگرچہ کرینا شولیاک کو اس باقی ماندہ دولت کی ممکنہ وارث قرار دیا جا رہا ہے، تاہم جائیداد کے ایگزیکیوٹر رچرڈ کاہن نے اعتراف کیا ہے کہ ٹرسٹ کا معاہدہ غیر واضح اور ناقص انداز میں تیار کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے ادائیگیاں فی الحال عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک روک دی گئی ہیں اور تمام قانونی مقدمات نمٹائے جانے تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔