یو اے ای (27 جولائی 2026): ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی والے دن سادہ لوح افراد کو لوٹنے کے لیے نیا آن لائن فراڈ سامنے آیا ہے ابوظہبی پولیس نے انتباہ جاری کر دیا۔متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی نے ملازمین کو آن لائن ہونے والے دھوکا دہی اور لوٹ مار سے متعلق انتباہ جاری کیا ہے اور ان سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی لالچ یا بہکاوے میں مشکوک لنکس سے گریز کریں۔عرب میڈیا کے مطابق ابوظہبی پولیس نے یو اے ای میں رہائشیوں کو آن لائن فراڈ سے متعلق ہوشیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے آن لائن فراڈ عموماً تنخواہوں کی ادائیگی کے ایام میں ہوتے ہیں، جس کا مقصد سادہ لوح افراد کو فراڈ کے ذریعے ان کی محنت کی کمائی سے محروم کرنا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سائبر کرمنلز اس کے لیے مختلف اقسام کی متاثر کن اسکیمیں پیش کرتے اور مالی فوائد کا لالچ دیتے ہیں۔سائبر مجرم اس کے لیے جعلی ویب سائٹ کا استعمال کرتے ہوئے جائیداد کی جعلی فہرستیں، نوکری کی پیشکشیں اور سرمایہ کاری کے جعلی منصوبے سامنے لاتے ہیں۔سائبر کرمنلز کن طریقوں سے سادہ لوح افراد کو لوٹ رہے ہیں؟حکام کے مطابق لوگوں کو دھوکا دینے کے لیے زیادہ تر ولاز، چیلیٹ اور دیگر جائیدادوں کے جعلی اشتہارات، جعلی ریزیڈنسی ویزا سروسز، نوکری کی جعلی پیشکشیں، گمراہ کن لیبر سپلائی سروسز، غیر مجاز انشورنس پروڈکٹس، اور ابوظہبی کسٹمز کے ذریعے ضبط کی گئی گاڑیوں کی جعلی فہرستوں کا سہارا لیتے ہیں۔اس کے علاوہ پولیس نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اور لگژری گھڑیاں غیر حقیقی قیمتوں پر فروخت کرنے والے آن لائن اشتہارات کے ساتھ ساتھ مالیاتی منڈیوں میں منافع کا وعدہ کرنے والے سرمایہ کاری کے فراڈ سے متعلق بھی خبردار کیا۔صرف اتنا ہی نہیں سائبر کرمنزل جعلی ایونٹ کے ٹکٹوں کی فروخت، جعلی ویب سائٹس اور لنکس بنا کر دھوکا دیتے ہیں، اس کے لیے سرکاری ایجنسیوں یا معروف تنظیموں کا نام استعمال کرتے ہوئے لوگوں کو ریموٹ ایکسیس سافٹ ویئر انسٹال کرنے پر آمادہ کرتے ہیں، اور غیر موجود سامان، خدمات، تربیتی کورسز یا جعلی سرٹیفکیٹس کے لیے ڈیپازٹ کی درخواست کرتے ہیں۔شہریوں کو مشورہ:ابوظہبی پولیس نے رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ کبھی بھی بینکنگ کی تفصیلات، پاس ورڈز یا ون ٹائم پاس ورڈ (OTPs) کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، قطع نظر اس کے کہ کون معلومات کی درخواست کر رہا ہے۔ کیونکہ مجرم رقم اور ذاتی معلومات چوری کرنے کے لیے جعلی پیشکشوں اور جعلی ویب سائٹس کا استعمال کرتے ہیں۔اس کے علاوہ جو لوگ آن لائن کوئی سودا کرتے ہیں تو وہ بیچنے والے یا سروس فراہم کرنے والے کی قانونی حیثیت کی تصدیق کرنے سے پہلے رقم کی منتقلی یا ڈپازٹ ادا نہ کریں۔لوگ ہمیشہ سرکاری ویب سائٹس اور موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے ہی سرکاری خدمات تک رسائی حاصل کریں۔ابوظہبی میں دھوکا دہی کی اطلاع کیسے دیں؟مشتبہ دھوکا دہی یا مشتبہ آن لائن سرگرمی کا سامنا کرنے والے افراد امن سروس کے ذریعے 8002626 پر کال کر کے، 2828 پر ٹیکسٹ میسج بھیج کر، یا aman@adpolice.gov.ae پر ای میل کر کے اس کی اطلاع دے سکتے ہیں۔