سعودی عرب میں ’نطاقات‘ کے تحت کم از کم اجرت بڑھا کر 6,000 ریال کرنے کے فیصلے میں پانچ زمروں کے کارکنان بھی شامل ہیں۔وزارتِ انسانی وسائل و سماجی ترقی میں لیبر امور کے نائب وزیر ڈاکٹر عبداللہ ابو ثنین نے بتایا ہے کہ ’نطاقات‘ (سعودائزیشن پروگرام) کے تحت کسی سعودی ملازم کو مکمل طور پر شمار کرنے کے لیے درکار کم از کم اجرت میں اضافے کا فیصلہ نجی شعبے کے اداروں میں کام کرنے والے پانچ زمروں کے کارکنان پر لاگو ہوگا۔’العربیہ نیٹ‘ کے مطابق ڈاکٹر ابو ثنین نے بتایا کہ اس فیصلے کے دائرہ کار میں آنے والے پانچ زمرے یہ ہیں: کل وقتی (full-time) ملازمین، جز وقتی (part-time) ملازمین، لچکدار کام کے انتظامات (flexible work arrangements) کے تحت کام کرنے والے افراد، جز وقتی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء، اور کام کرنے کی صلاحیت رکھنے والے معذور افراد۔یہ فیصلہ دو مراحل میں نافذ کیا جائے گا۔پہلا مرحلہ 25 اپریل 2027 سے شروع ہوگا جس میں کم از کم اجرت 5,000 ریال مقرر کی گئی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں، جو 25 اپریل 2028 سے شروع ہوگا، کم از کم اجرت بڑھا کر 6,000 ریال کر دی جائے گی۔اجرتخادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان نے بجلی اور پانی کے نرخوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے سعودی ملازمین کو 500 سعودی ریال ماہانہ الاؤنس دینے کا حکم جاری کیا ہے۔نجی شعبے کے اداروں میں ’نطاقات‘ پروگرام کے تحت سعودی ملازمین کے کوٹے (سعودائزیشن تناسب) میں شامل کم از کم تنخواہ 5,000 سعودی ریال مقرر کی گئی ہے جس کا اطلاق چھ ماہ بعد ہوگا۔ اس ابتدائی اضافے کے بارہ ماہ بعد، یہ کم از کم تنخواہ بڑھ کر 6,000 سعودی ریال ہو جائے گی۔موجودہ دور میں، نطاقات سعودی عرب کی وزارتِ انسانی وسائل کا ایک سرکاری پروگرام ہے جو وہاں سعودائزیشن (Saudization) یعنی نجی کمپنیوں میں مقامی سعودی شہریوں کو ملازمتیں دینے کی شرح کو جانچنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔یہ اقدامات ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی جانب سے شہریوں کی معاونت کے لیے کی گئی سفارشات کے تناظر میں شاہ کی طرف سے جاری کردہ اقدامات کا حصہ ہیں۔ان اقدامات کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب سعودی انرجی کمپنی اور نیشنل واٹر کمپنی نے بجلی اور پانی کے نرخوں میں تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، جن کا اطلاق یکم جنوری 2027 سے ہوگا۔اس امدادی پیکج میں سول سروس پے اسکیلز اور ملازمت کے پروگراموں کے تحت آنے والے سویلین اور فوجی ملازمین کے ماہانہ الاؤنس میں 500 سعودی ریال کا اضافہ شامل ہے۔اس کے علاوہ، ریٹائر ہونے والے افراد اور سوشل انشورنس سسٹم کے تحت آنے والے فوت شدہ سبسکرائبرز یا ریٹائرڈ ملازمین کے اہل خانہ بھی اس میں شامل ہیں۔