کویت : سیکڑوں غیرملکیوں کے رہائشی پتے منسوخ

Wait 5 sec.

کویت سٹی : کویتی حکام نے سیکڑوں غیرملکیوں کے رہائشی پتے منسوخ کرتے ہوئے انہیں 30 دن میں نئے پتے درج کرانے کی سخت ہدایات جاری کردیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت کی پبلک اتھارٹی فار سول انفارمیشن (پی اے سی آئی) نے غیرملکیوں کے رہائشی پتوں کے اندراج اور انہیں اپڈیٹ کرنے کے قوانین سخت کر دیے ہیں۔اس سلسلے میں پی اے سی آئی نے متعدد رہائشی عمارتیں منہدم کیے جانے کے بعد 932 غیرملکی افراد کے رہائشی پتے سرکاری ریکارڈ سے خارج کردیے ہیں۔کویتی سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے اعلان کے مطابق متاثرہ افراد کو نوٹس کی اشاعت سے 30دن کے اندر اپنے رہائشی پتے اپ ڈیٹ کرانا ہوں گے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت کے اندر رہائشی پتے کی رجسٹریشن مکمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانون نمبر 32 مجریہ 1982 کے آرٹیکل 33 کے تحت جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔اس جرمانے کی رقم 100 کویتی دینار تک ہوسکتی ہے، جسے شامل افراد کی تعداد سے ضرب دے کر شمار کیا جائے گا، اسی طرح خلاف ورزی کے مرتکب ہونے کی صورت میں جرمانے کی مجموعی رقم میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔پی اے سی آئی کے مطابق متاثرہ افراد اپنے نئے رہائشی پتے درج کرانے کے لیے متعلقہ اتھارٹی کے دفتر جاسکتے ہیں یا ضروری دستاویزات فراہم کرکے حکومت کی ساہیل (Sahel) ایپلی کیشن کے ذریعے بھی یہ کارروائی مکمل کرسکتے ہیں۔کویت: رہائشی پتوں کے قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن شروع