ریاض : سعودی عرب کے شہری اب امریکا کے گلوبل انٹری پروگرام کے لیے درخواست دے سکیں گے، جس کے تحت اہل مسافروں کو امریکا پہنچنے پر امیگریشن کے عمل میں تیز رفتاری کی سہولت حاصل ہوگی۔سعودی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ گلوبل انٹری پروگرام اب سعودی شہریوں کے لیے دستیاب ہے، جس کے ذریعے وہ امریکہ میں داخلے کے لیے مخصوص راستوں سے تیز تر کارروائی کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔گلوبل انٹری پروگرام میں سعودی شہریوں کی شمولیت سعودی عرب اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے شہریوں کے لیے سفری سہولیات بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔یہ اقدام سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ کے تحت کیا گیا ہے، جس سے سفر مزید تیز اور آسان ہو جائے گا اور امیگریشن و سکیورٹی چیک کے دوران انتظار کا وقت کم ہوگا۔امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے زیر انتظام گلوبل انٹری پروگرام ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرامز کا حصہ ہے۔اس پروگرام کے تحت منظور شدہ مسافروں کو امریکا کے ہوائی اڈوں پر مخصوص لین اور سیلف سروس کیوسک استعمال کرنے کی سہولت ملتی ہے، جس سے امیگریشن، شناخت کی تصدیق اور پاسپورٹ چیکنگ کا عمل تیزی سے مکمل کیا جاسکتا ہے۔گلوبل انٹری کے اہل ارکان کو امریکا سے روانگی کے وقت ’ٹی ایس اے پری چیک‘ کی سہولت بھی حاصل ہوسکتی ہے، جس کے ذریعے مخصوص لین میں سیکیورٹی اسکریننگ کا عمل نسبتاً تیزی سے مکمل کیا جاتا ہے۔سعودی وزارت خارجہ کے مطابق سعودی شہری گلوبل انٹری کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، درخواست گزار کو ٹرسٹڈ ٹریولر پروگرامز کے پورٹل پر اپنی درخواست مکمل کرنے کے ساتھ 120ڈالر فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔درخواست کی ابتدائی منظوری ملنے کے بعد امیدوار کو ذاتی طور پر انٹرویو کے مرحلے سے گزرنا ہوگا، جس کے بعد ہی گلوبل انٹری کی رکنیت فعال کی جائے گی، منظور شدہ رکنیت کی مدت 5 سال ہوگی۔وزارت خارجہ کے مطابق گلوبل انٹری پروگرام کے تحت امریکا کے 200 سے زائد ہوائی اڈوں پر سہولیات دستیاب ہیں جبکہ 80 سے زائد ایئرلائنز اس پروگرام سے منسلک ہیں۔اس پروگرام کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ اہل مسافروں کو ایک ہی رکنیت کے ذریعے گلوبل انٹری اور ’ٹی ایس اے پری چیک‘ دونوں سہولیات تک رسائی حاصل ہوسکتی ہے، جس سے امریکا کے سفر کے دوران امیگریشن اور سیکیورٹی کے مراحل میں وقت کی بچت ممکن ہوگی۔تاہم سعودی وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ گلوبل انٹری پروگرام میں شمولیت متعلقہ سعودی اور امریکی حکام کی مقررہ شرائط و ضوابط سے مشروط ہوگی۔ درخواست جمع کرانے کا مطلب یہ نہیں کہ امیدوار کی رکنیت لازماً منظور ہوجائے گی۔سعودی شہری جو اس پروگرام میں شامل ہونا چاہتے ہیں، وہ ابتدائی شرائط پوری کرنے کے بعد بااعتماد مسافر پروگرامز کی سرکاری ویب سائٹ پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں: https://ttp.dhs.gov/، اس پروگرام کی رکنیت پانچ سال کے لیے مؤثر ہوگی۔