گردابی طوفان ’ارنب‘ نے آندھرا پردیش اور اڈیشہ میں زبردست تباہی مچائی ہے۔ اس طوفان کا اثر دیگر ریاستوں کی موسم پر بھی پڑا ہے، لیکن آندھرا میں 8 ہلاکتوں کی خبر ہے اور جگہ جگہ کھمبے اکھڑنے کے ساتھ ساتھ درختوں کے گرنے کی بھی جانکاری سامنے آئی ہے۔ اڈیشہ میں بھی تقریباً 300 گاؤں میں سیلاب کی خبریں میڈیا نے دی ہیں۔ ان تباہیوں پر کانگریس جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’میری تمام تر ہمدردیاں آندھرا پردیش کے ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو سمندری طوفان ’ارنب‘ کی وجہ سے ہونے والی تباہی کا سامنا کر رہے ہیں اور اڈیشہ کے ان لوگوں کے ساتھ بھی ہیں جو شدید بارش اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔‘‘My thoughts are with the people of Andhra Pradesh facing the devastation caused by Cyclone Arnab and those in Odisha affected by heavy rainfall and flooding.I pray for everyone’s safety and urge Congress workers to extend every possible help to those affected and support relief…— Priyanka Gandhi Vadra (@priyankagandhi) October 30, 2026پرینکا گاندھی نے اس سوشل میڈیا پوسٹ میں متاثرین کے لیے خیر خواہی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’میں سبھی لوگوں کی سلامتی کے لیے دعا گو ہوں اور کانگریس کارکنوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں اور راحت و بچاؤ کی کوششوں میں تعاون کریں۔‘‘ کانگریس جنرل سکریٹری نے اس مشکل وقت میں سبھی سے ایک دوسرے کی مدد کرنے کی اپیل کرنے کے ساتھ ساتھ حالات جلد بہتر ہونے کی امید بھی ظاہر کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ گردابی طوفان ’ارنب‘ کا اثر کمزور ضرور پڑا ہے، لیکن پوری طرح ختم نہیں ہوا ہے۔ آج بھی کئی ریاستوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا دور جاری رہنے کا امکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔ کہیں آندھی کے ساتھ بجلی چمک سکتی ہے، تو کہیں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ کچھ مقامات پر 95 کلومیٹر کی رفتار سے بھی ہوا چل سکتی ہے۔ دہلی-این سی آر میں بھی ارنب کا اثر صاف نظر آ رہا ہے۔ دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد سمیت این سی آر کے علاقوں میں جمعرات کی شب سے ہی دھیمی بارش ہو رہی ہے۔ دہلی میں دیر رات تیز ہوائیں بھی چلیں، جس سے لوگوں کو ٹھنڈک کا احساس ہونے لگا ہے۔اتر پردیش میں بھی 49 ضلعوں میں بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان میں گورکھ پور، میرٹھ اور نوئیڈا سمیت 43 ضلاع میں شدید بارش کا الرٹ ہے۔ دیگر 6 اضلاع میں تیز بارش اور آندھی کا اندیشہ ہے۔ بہار میں بھی گردابی طوفان کا اثر صاف دکھائی دینے لگا ہے۔ کئی اضلاع میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ آج ریاست کے 33 اضلاع میں بارش کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں جھارکھنڈ کے 15 اضلاع میں بارش اور آندھی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مغربی راجستھان میں بھی آج بارش ہو سکتی ہے اور مدھیہ پردیش و چھتیس گڑھ میں تو آئندہ کچھ دنوں تک بارش کی سرگرمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔