سعودی عرب : بارشوں اور سیلاب کی وارننگ، 2 الرٹ جاری

Wait 5 sec.

جدہ (26 اکتوبر 2026): سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں شدید بارش، گرج چمک کے ساتھ طوفان اور اچانک سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کردیا گیا۔سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث محکمہ موسمیات نے متعدد علاقوں کے لیے ریڈ اور اورنج الرٹس جاری کردیے ہیں، شدید بارشوں کے نتیجے میں اچانک سیلاب آنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔سعودی نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی (این سی ایم) کے مطابق جازان ریجن کے بعض علاقوں میں دوپہر 12 بجے سے رات 8 بجے تک ریڈ الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔ اس دوران موسلادھار بارش، تیز ہواؤں، حدِ نگاہ تقریباً ختم ہونے، ژالہ باری، گرج چمک اور اچانک سیلاب کا خطرہ ہے۔اسی طرح عسیر ریجن میں دوپہر ایک بجے سے رات 9 بجے جبکہ مکہ ریجن میں دوپہر 2 بجے سے رات 8 بجے تک اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ان علاقوں میں بھی درمیانی درجے کی بارش کے ساتھ تیز ہواؤں، کم حدِ نگاہ، ژالہ باری، سیلاب اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ مکہ ریجن کے متاثرہ علاقوں میں سمندر میں بلند لہریں اٹھنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق این سی ایم کی جانب سے پیر کے روز جاری کی گئی موسمیاتی پیشگوئی میں بتایا گیا ہے کہ جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، القصیم، حائل، تبوک، الجوف اور شمالی سرحدی علاقوں کے بعض حصوں میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے شدید بارش متوقع ہے۔اس کے علاوہ بارش کے ساتھ ژالہ باری اور گرد و غبار اٹھانے والی تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جس سے بعض مقامات پر حدِ نگاہ تقریباً ختم ہونے کا خدشہ ہے۔مشرقی صوبے اور ریاض ریجن کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ بعض مقامات پر دھند چھانے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔