پٹنہ: بہار پردیش کانگریس کے صدر راجیش رام نے الزام لگایا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے 13 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو ووٹ کے حق سے محروم کیا ہے، جبکہ آئندہ بھی کروڑوں افراد کا حقِ رائے دہی چھیننے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اس بنیادی جمہوری حق کے تحفظ کے لیے کانگریس رہنما راہل گاندھی ملک بھر میں جدوجہد کر رہے ہیں۔راجیش رام جمعرات کو صدر دفتر صداقت آشرم میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی میں ہونے والی ریلی میں شرکت کے لیے بہار سے ہزاروں افراد پہنچ چکے ہیں، جبکہ مزید ہزاروں کے وہاں پہنچنے کی توقع ہے۔اس موقع پر کانگریس کے سابق رکنِ پارلیمان اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے سابق رکن ڈاکٹر رام چندر کھونٹیا نے دعویٰ کیا کہ گیانیش کمار نے ووٹر فہرست سے 13 کروڑ 69 لاکھ افراد کے نام حذف کیے ہیں۔ ان کے مطابق یہ تعداد دنیا کے کئی ملکوں کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔کھونٹیا نے الزام لگایا کہ دو الیکشن کمشنروں نے 14 مرتبہ تحریری طور پر گیانیش کمار کے خلاف ووٹ چوری کی شکایت کی، لیکن ان کی بات نہیں سنی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کے انتخاب کے طریقۂ کار سے چیف جسٹس آف انڈیا کو من مانے انداز میں خارج کیا اور ان کی جگہ ایک مرکزی وزیر کو شامل کر لیا۔ان کا دعویٰ تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کو صدرِ جمہوریہ اور چیف جسٹس سے بھی زیادہ قانونی تحفظ حاصل ہے۔ خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کا ذکر کرتے ہوئے کھونٹیا نے کہا کہ ابتدا میں اس عمل کو دراندازوں کی شناخت کا ذریعہ بتایا گیا، لیکن بعد میں کہا گیا کہ ایک بھی درانداز کی نشاندہی نہیں ہوئی۔انہوں نے ملک کے نوجوانوں کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے روزگاری، تعلیمی نظام کی ابتری اور امتحانی پرچوں کے افشا ہونے کے واقعات سے پریشان ہیں۔ ان کے بقول روزگار کے محدود مواقع اور مہنگائی نے مزدوروں، کسانوں، عام شہریوں اور چھوٹے کاروباریوں کو بھی متاثر کیا ہے۔کھونٹیا نے دعویٰ کیا کہ راہل گاندھی کی اپیل پر لاکھوں افراد ریلی میں شرکت کے لیے دہلی پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما بدھ اور مہاتما گاندھی کے بعد راہل گاندھی نے ملک میں سب سے زیادہ پیدل یاترائیں کی ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ عوام راہل گاندھی پر اعتماد کرتے ہیں اور مہاتما گاندھی کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے ان کی قیادت میں ’’آمرانہ حکومت‘‘ کو اقتدار سے ہٹائیں گے۔پریس کانفرنس میں کانگریس کی تادیبی کمیٹی کے صدر کپل دیو پرساد یادو، میڈیا کنوینر اسیت ناتھ تیواری، ترجمان پنکج یادو اور امیت کمار، انٹک کے ریاستی صدر چندر پرکاش سنگھ اور وید ناتھ شرما سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔