مسجد الحرام تک زائرین کی رسائی مزید آسان بنا دی گئی

Wait 5 sec.

مکہ مکرمہ (29 اکتوبر 2026): مسلمانوں کے سب سے مقدس مقام مسجد الحرام تک زائرین کی رسائی کو مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔مسجد الحرام دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے سب سے مقدس مقام ہے، جس کی زیارت کے لیے ہر سال کروڑوں مسلمان دنیا کے کونے کونے سے مکہ مکرمہ کا رخ کرتے ہیں۔مقامی حکام زائرین حج و عمرہ کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہر دم کوشاں رہتے ہیں اور اب مسجد الحرام تک رسائی کو زائرین کے لیے مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔ایس پی اے کے مطابق رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ نے مکہ مکرمہ کی تیسری رنگ روڈ ٹریفک کے لیے کھول دی ہے جس کے بعد زائرین کی مسجد الحرام تک رسائی مزید آسان ہو گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ شہرِ مقدس کے اطراف میں موجود چار رنگ روڈز میں سے ایک ہے، جس سے المرسلات اور العزیزیہ کے علاقوں میں رہنے والوں کو سہولت ہوگی جبکہ مسجد الحرام اور منیٰ میں جمرات پل تک پہنچنے کا وقت بھی 90 فیصد تک کم ہو سکے گا۔منصوبے سے متعلق امپیکٹ انڈیکیٹرز سے ظاہر ہوتا ہے کہ حج اور عمرہ کے مصروف سیزن کے دوران آمد ورفت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ شہزادہ متعب کراسنگ سے مسجد الحرام جانے والی گاڑیوں کا فاصلہ 16.5 کلومیٹر سے کم ہو کر 6.5 کلو میٹر رہ گیا ہے۔اس کے علاوہ جمرات پل تک فاصلہ 12 کلومیٹر سے کم ہو کر 4 کلو میٹر رہ گیا۔ اس سڑک پر دونوں جانب روزانہ ایک لاکھ 70 ہزار گاڑیوں کی آمد ورفت کی گنجائش ہے۔نیا راستہ مکہ مکرمہ شہر کے مغربی حصے میں تیسرے رنگ روڈ کے ساتھ واقع ہے، جو شہزادہ متعب کراسنگ سے شروع ہو کر شہزادہ سلطان کراسنگ سے ہوتا ہوا مسجد الحرام کراسنگ تک جاتا ہے۔رائل کمیشن کے مطابق مکہ مکرمہ شہر میں سڑکوں اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے منصوبے جاری ہیں جس کا مقصد شہریوں، زائرین اور حجاج کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنا ہے۔