بیجنگ : ایپل کے نئے فولڈ ایبل آئی فون ڈیو میں خرابی کے بعد صارفین نے آرڈرز منسوخ کردیے چین میں فون کی قیمت بھی کم ہوگئی۔گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق آئی فون ڈیو کی چین میں فروخت شروع ہونے کے صرف تین روز بعد ہی متعدد صارفین کی جانب سے آرڈرز منسوخ کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں جبکہ فون کی ری سیل قیمت میں بھی رواں ماہ کے آغاز کے مقابلے میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔آئی فون ڈیو کی پری آرڈر بکنگ 16 اکتوبر کو شروع ہوئی تھی اور ابتدائی کھیپ مختصر وقت میں فروخت ہوگئی تھی، تاہم اب بعض چینی ڈسٹری بیوٹرز کے پاس فون اسٹاک میں موجود ہے اور اسے ایپل کی مقررہ قیمت سے کم پر فروخت کیا جارہا ہے۔چین میں آئی فون ڈیو کے 256 جی بی ماڈل کی سرکاری قیمت 15 ہزار 999 یوآن مقرر کی گئی ہے، جو تقریباً 2 ہزار 399 امریکی ڈالر بنتی ہے اور اسے ایپل کا اب تک کا مہنگا ترین آئی فون قرار دیا گیا ہے، تاہم مختلف چینی پلیٹ فارمز کی سبسڈی اور اسٹور ڈسکاؤنٹس کے باعث بعض صارفین یہی ماڈل 15ہزار 499 یوآن میں خرید رہے ہیں۔ایپل کے کسٹمر سروس نمائندے نے چینی میڈیا سے گفتگو میں قیمت میں کمی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ تھرڈ پارٹی پلیٹ فارمز اپنی سبسڈی یا دکانداروں کی رعایت کے ذریعے کم قیمت پیش کرسکتے ہیں، جبکہ ایپل کی اپنی ویب سائٹ پر قیمت نسبتاً مستحکم رہتی ہے۔ان کے مطابق بعض ڈیلرز کے پاس اسٹاک زیادہ اور خریدار کم ہوں تو وہ قیمت کم کرسکتے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ بعض صارفین نے اپنے آرڈرز منسوخ بھی کیے ہیں۔دوسری جانب آئی فون ڈیو کی سیکنڈری مارکیٹ میں قیمت بھی نمایاں طور پر نیچے آگئی ہے، چینی ای کامرس پلیٹ فارم Dewu پر 256 جی بی ماڈل کی تازہ ترین لین دین کی قیمت 16 ہزار 289 یوآن رپورٹ ہوئی، جو سرکاری قیمت سے صرف 290 یوآن زیادہ ہے۔اس کے مقابلے میں اکتوبر کے آغاز میں یہی ماڈل سیکنڈری مارکیٹ میں 26 ہزار 462 یوآن تک فروخت ہوا تھا، یعنی اس وقت صارفین کو سرکاری قیمت سے 10 ہزار یوآن سے زیادہ اضافی رقم ادا کرنا پڑ رہی تھی۔لاکھوں روپے کے نئے فولڈ ایبل آئی فون میں اچانک خرابی