اتراکھنڈ: کیدارتال ٹریک پر 8 لاپتا افراد کی تلاش جاری، جائے وقوعہ کے قریب خیمے اور بیگ برآمد

Wait 5 sec.

اتراکھنڈ کے ضلع اترکاشی میں کیدارتال ٹریک پر لاپتا ہونے والے سات ٹریکرز اور ایک مقامی گائیڈ کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔ پیر کو ہیلی کاپٹر اور پیدل تلاش کے باوجود ریسکیو ٹیم ان تک نہیں پہنچ سکی، تاہم جائے وقوعہ کے قریب خیمے اور بیگ ملے ہیں۔یہ گروپ 27 اکتوبر کو محکمہ جنگلات سے اجازت لے کر گنگوتری سے کیدارتال ٹریک کے لیے روانہ ہوا تھا۔ اس میں مغربی بنگال کے پانچ، اتر پردیش کے دو ٹریکرز اور اترکاشی کے مقامی گائیڈ سدھارتھ رانا شامل تھے۔ ان کی واپسی 29 اکتوبر کو متوقع تھی۔ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق ٹریکنگ ایجنسی کے منتظم نے 30 اکتوبر کو شام 6 بج کر 39 منٹ پر واقعے کی اطلاع دی تھی۔ تاہم، ضلعی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کی رپورٹ میں اسی روز رات تقریباً 10 بجے اطلاع موصول ہونے کا ذکر ہے۔اطلاعات کے مطابق شدید برف باری اور برفانی تودے گرنے کے باعث یہ آٹھ افراد تقریباً چار ہزار میٹر کی بلندی پر پھنس گئے۔ اترکاشی کے ضلع مجسٹریٹ پرشانت آریہ نے بتایا کہ پیر کو اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور نہرو انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینیئرنگ (این آئی ایم) کی مشترکہ ٹیم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اس مقام پر پہنچایا گیا جہاں لاپتا گروپ کی موجودگی کا امکان تھا۔ ایک پورٹر محفوظ واپس آیا تھا اور اسی کی نشاندہی پر اس جگہ کا تعین کیا گیا۔ضلع مجسٹریٹ کے مطابق ماؤنٹین ریسکیو ٹیم کے 10 ارکان جائے وقوعہ پر تعینات ہیں۔ ٹیم نے پیر کو تلاش کی اور رات وہیں قیام کیا۔ موسم سازگار رہا تو منگل کی صبح آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے گا۔آریہ نے بتایا کہ جائے وقوعہ کے قریب گہری کھائی ہونے کے باعث ہیلی کاپٹر کو براہِ راست اتارنا ممکن نہیں تھا۔ اسی لیے ریسکیو اہلکاروں کو ہیلی ڈراپنگ کے ذریعے وہاں پہنچایا گیا۔ تلاش جاری ہے اور ٹیم کو موسم کی بہتری کے بعد دوبارہ کارروائی کی توقع ہے۔