نیپال میں آئے شدید سیلاب کا اثر اب ہندوستان کی ندی میں بھی دکھائی دینے لگا ہے۔ نارائنی ندی میں سیلاب کے پانی کے ساتھ لاشیں بہہ کر مہاراج گنج تک پہنچ رہی ہیں، یہاں اب تک 4 لاشیں ملی ہیں۔ ندی میں بہہ کر آنے والی لاشوں، ملبے، لکڑیوں اور سامان کی یہ تصاویر سیلاب کی تباہی کا دردناک منظر پیش کر رہی ہیں۔ نارائنی ندی میں صرف پانی نہیں بہہ رہا بلکہ سیلاب کے پانی کے ساتھ لکڑیاں، گھریلو سامان، سلنڈر سمیت کئی چیزیں بھی ہندوستان کی طرف آ رہی ہیں۔ اسی دوران راحت اور بچاؤ کے کام میں مصروف جوانوں کو ندی میں کچھ مشتبہ چیزیں نظر آئیں۔ قریب جا کر دیکھا گیا تو وہاں لاشیں پڑی تھیں۔نیپال سانحہ: ڈبلیو ایچ او نے امداد کا دائرہ بڑھایا، ایک لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر جاریہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق مہاراج گنج انتظامیہ نے لاشیں ملنے کی اطلاع نیپال کو بھیج دی ہے۔ شناخت سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی گئی ہیں۔ اب مزید کارروائی کے حوالے سے نیپال انتظامیہ کے فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ندی پر تعینات بچاؤ ٹیم مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ جیسے ہی کوئی مشتبہ چیز دکھائی دیتی ہے، جوان موقع پر پہنچ کر اس کی جانچ کرتے ہیں۔ انسانی لاش ملنے پر اسے باہر نکال کر ضروری کارروائی کے بعد مردہ خانے بھیج دیا جاتا ہے۔ سیلاب کے بعد ندی کے ساتھ بہہ کر آئے سامان کو نکالنے کے لیے کچھ لوگ اپنی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ریسکیو ٹیم انہیں بار بار ندی سے دور رہنے کی وارننگ دے رہی ہے۔ اس کے باوجود کئی لوگ لکڑی اور دوسری چیزیں نکالنے کے لیے پانی کے قریب پہنچ جا رہے ہیں۔دوسری جانب نیپال کے نول پراسی مشرقی ضلع میں جمعہ کی شام تک نارائنی ندی کے مختلف حصوں سے 158 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔ ان میں 109 لاشیں مکمل حالت میں ملی ہیں، جبکہ 49 معاملات میں جسم کے مختلف حصے برآمد ہوئے ہیں۔ برآمد شدہ لاشوں میں 31 خواتین، 51 مرد، 8 بچے اور 11 بچیاں شامل ہیں۔ باقی برآمد شدہ اعضا کی بھی شناخت کی کوشش جاری ہے۔ فی الحال نیپال میں برآمد شدہ لاشوں کو مختلف اسپتالوں اور محفوظ مقامات پر رکھا گیا ہے۔ ان کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ نیپال میں آئے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ نارائنی ندی کا پانی اس تباہی کے نشانات ہندوستان تک لا رہا ہے۔