اتر پردیش کے کاس گنج میں پیر کی صبح ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں 3 افراد ہلاک اور 23 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ لوگ سوروں میں استھی وسرجن کے لیے جا رہے تھے۔ فی الحال تمام زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال کاس گنج میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق حادثہ موہن پورہ کے قریب شیو انٹر کالج کانتور کے قریب پیش آیا۔ یہاں میکس پک اپ اور ٹرک کے درمیان زوردار ٹکر ہو گئی، جس کے سبب موقع پر افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ موہن پورہ کے قریب حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی سمیت پولیس و انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے۔کاس گنج کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس او پی سنگھ نے بتایا کہ میکس پک اپ میں کل 26 عقیدت مند موجود تھے۔ یہ لوگ راجستھان کے کرولی ضلع کے رہنے والے ہیں اور استھی وسرجن کے لیے سوروں جا رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جن میں 3 افراد کی موت ہو گئی اور 23 افراد زخمی ہیں۔ مرنے والوں میں 2 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ جبکہ 23 زخمیوں میں 7 بچے، 8 خواتین اور 8 مرد ہیں۔ او پی سنگھ نے بتایا کہ 6 زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے علی گڑھ منتقل کیا گیا ہے، دیگر زخمیوں کا ضلع اسپتال میں علاج جاری ہے۔اس حادثے سے قبل اتر پردیش کے 2 اضلاع میں پیش آئے سڑک حادثوں میں 8 افراد کی موت ہوئی ہے۔ پیر کی صبح ایک حادثہ گریٹر نوئیڈا کے جیور علاقے میں پیش آیا، جبکہ دوسرا حادثہ ہاپوڑ میں ہوا۔ گریٹر نوئیڈا کے جیور تھانہ علاقے میں یمنا ایکسپریس وے پر پیر کی صبح نوئیڈا سے آگرہ کی طرف جا رہا ایک بے قابو ٹرک ڈیوائیڈر اور ریلنگ توڑتے ہوئے دوسری طرف پہنچ گیا، اور ایک کار سے ٹکرا گیا۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ کار میں سوار چاروں افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو باہر نکال کر علاج کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔ حالانکہ اسپتال میں علاج کے دوران ڈاکٹروں نے چاروں زخمیوں کو مردہ قرار دے دیا۔ وہیں ہاپوڑ میں گنگا ایکسپریس وے پر تیز رفتار تھار بے قابو ہو کر پلٹ گئی، جس وجہ سے 4 افراد کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات تھانہ سمبھاولی علاقے میں پیش آیا۔ مہلوکین کی شناخت بدایوں کے رہنے والے جوگندر، سکھبیر، جسونت اور روی کے طور پر ہوئی ہے۔