ویڈیو: ساڑھی پہنی ماں نے ننگے پاؤں میراتھن جیت کر سب کو حیران کردیا

Wait 5 sec.

نئی دہلی : بیٹیوں کے بہتر مستقبل اور تعلیم کے لیے ایک ماں کی جدوجہد نے سب کو حیران کردیا، 47 سالہ ماں نے ساڑھی پہن کر ننگے پاؤں میراتھن میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع بیڑ کے علاقے امباجوگائی سے تعلق رکھنے والی رمابائی رانویر نے مقامی سطح پر منعقد ہونے والی ’امرت دوڑ‘ میں حصہ لیا، جس میں کامیابی حاصل کرنے والے کو 3 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔رمابائی مقامی اکیڈمی میں باورچی کے طور پر کام کرتی ہیں، شوہر کی ممبئی میں ایک حادثے کے دوران موت کے بعد دونوں بیٹیوں کی پرورش اور ان کی تعلیم کی ذمہ داری بھی ان ہی کے کندھوں پر آگئی۔مالی مشکلات کے باوجود رمابائی نے بیٹیوں کی تعلیم جاری رکھنے کا عزم کیا، انہوں نے اپنی بڑی بیٹی کو اکیڈمی میں داخل کرایا اور خود بھی وہیں باورچی کی ملازمت اختیار کرلی تاکہ بیٹیوں کے تعلیمی اخراجات پورے کرسکیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق میراتھن کے روز رمابائی نے سادہ سی ساڑھی پہن رکھی تھی اور ابتدا میں چپل کے ساتھ دوڑ میں شامل ہوئیں، تاہم کچھ ہی دیر بعد دوڑتے ہوئے ان کی چپل بار بار پاؤں سے نکلنے لگی۔ View this post on Instagram A post shared by SheThePeople (@shethepeopletv)رمابائی نے چپل اتار کر ہاتھ میں پکڑ لی اور سرد سڑک اور پتھریلے راستے پر ننگے پاؤں دوڑنا شروع کردیا، وہ ساڑھی سنبھالتے ہوئے دیگر شرکا کو پیچھے چھوڑتی گئیں اور بالآخر سب سے پہلے فنش لائن عبور کرکے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ ان کی اس غیرمعمولی ہمت اور عزم دیکھ کر وہاں موجود تماشائیوں نے تالیاں بجا کر انہیں بھرپور داد دی۔کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے رمابائی نے کہا کہ دوڑ میں کئی خواتین شریک تھیں لیکن وہ انعام حاصل کرنے کے لیے پُرعزم تھیں۔ ان کے بقول دوڑ کے دوران ان کے ذہن میں صرف بیٹیوں کا مستقبل تھا اور وہ انعامی رقم سے ان کے لیے کتابیں خریدنا چاہتی ہیں۔یہاں دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ رمابائی کی ایک بیٹی پوجا نے بھی اسی میراتھن میں حصہ لیا اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پوجا نے بتایا کہ انہوں نے ہی اپنی والدہ کو دوڑ میں حصہ لینے کی ترغیب دی تھی، تاہم انہیں توقع نہیں تھی کہ والدہ پہلی پوزیشن حاصل کرلیں گی۔پوجا کے مطابق ان کی والدہ نے مشکل حالات کے باوجود دونوں بہنوں کی پرورش کی اور کبھی ہمت نہیں ہاری۔ پوجا اس وقت پولیس میں بھرتی کے امتحان کی تیاری کررہی ہیں اور پولیس افسر بننے کا خواب دیکھتی ہیں، جبکہ ان کی بہن بینکنگ کے امتحانات کی تیاری کررہی ہیں۔