دبئی : متحدہ عرب امارات میں نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے ساتھ ہی 37 ہفتوں کا تعلیمی کیلنڈر جاری کردیا ، جس میں تدریسی دنوں ، امتحانات اور تعطیلات کے شیڈول کا بتایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں نئے تعلیمی سال 2026-27 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جہاں ملک بھر کے اسکولوں میں طلبہ کی کلاس رومز میں واپسی شروع ہو گئی ہے۔وزارتِ تعلیم کے منظور شدہ تعلیمی کیلنڈر کے تحت نیا تعلیمی سال 37 ہفتوں اور مجموعی طور پر 185 تدریسی دنوں پر مشتمل ہوگا جو 2 جولائی 2027 کو ختم ہوگا۔وزارتِ تعلیم کا کہنا تھا کہ یہ تعلیمی کیلنڈر تمام سرکاری اسکولوں اور وزارت کا نصاب پڑھانے والے نجی اسکولوں پر لاگو ہوگا۔تعلیمی سال کا پہلا ٹرم 13 ہفتوں (67 تدریسی دن) پر مشتمل ہوگا، جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹرم بالترتیب 12، 12 ہفتوں کا ہوگا۔اسکول کھلتے ہی ابتدائی ہفتوں میں ہی مختلف تشخیصی امتحانات کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، جس کے مطابق عربی بیس لائن اسسمنٹ 7 ستمبر سے 2 اکتوبر تک ہوگا، ڈائگنوسٹک امتحانات 7 ستمبر سے 18 ستمبر تک اور اسٹینڈرڈائزڈ پرفیوشنسی اسسمنٹ 5 اکتوبر سے 30 اکتوبر تک ہوگی۔طلبہ کو 12 سے 16 اکتوبر تک مڈ ٹرم کی تعطیلات ملیں گی، جبکہ 18 سے 20 نومبر تک ماک امتحانات اور 25 نومبر سے ترم کے فائنل امتحانات کا آغاز ہوگا۔2 سے 4 دسمبر قومی دن کی چھٹیوں کے بعد امتحانات 11 دسمبر تک جاری رہیں گے، طلبہ کی سردیوں کی تعطیلات 14 دسمبر سے 1 جنوری تک ہوں گی۔دوسرا ٹرم 4 جنوری 2027 سے شروع ہوگا جس میں 8 سے 12 مارچ تک عید الفطر کی چھٹیاں شامل ہوں گی، جس کے بعد 5 سے 9 اپریل تک اسپرنگ بریک ہوگاتیسرا اور آخری ٹرم 12 اپریل سے شروع ہوگا جس کے دوران بین الاقوامی تعلیمی ٹیسٹ TIMSS 2027 (19 اپریل سے 14 مئی) اور سالانہ فائنل امتحانات (21 سے 30 جون) منعقد ہوں گے۔طلبہ کے لیے تعلیمی سال کا آخری دن 2 جولائی 2027 ہوگا جبکہ حتمی نتائج کا اعلان 7 سے 9 جولائی کے درمیان کیا جائے گا۔