فلوریڈا : کائنات کے پراسرار رازوں کی کھوج کے لئے ناسا نے فلوریڈا سے نئی اسپیس ٹیلی اسکوپ خلا میں روانہ کر دی۔تفصیلات کے مطابق کائنات کے سربستہ رازوں کو جاننے اور خلائی وسعتوں کو سمجھنے کی جدید جستجو میں پیش رفت کرتے ہوئے امریکی خلائی ادارے "ناسا” نے فلوریڈا سے ایک نئی اور جدید ترین اسپیس ٹیلی اسکوپ کامیابی سے خلا میں روانہ کر دی ہے۔سائنسی ذرائع نے بتایا کہ یہ جدید اسپیس ٹیلی اسکوپ خاص طور پر کائنات میں موجود ڈارک انرجی (تاریک توانائی)، تاریک مادے (ڈارک میٹر) اور ہمارے نظامِ شمسی سے باہر موجود دیگر سیاروں کا کھوج لگانے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔اس ٹیلی اسکوپ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ایک ہی وقت میں کائنات کے ایک بہت وسیع حصے پر نظر رکھنے اور اس کا ڈیٹا جمع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔سائنسدانوں کو امید ہے کہ اس جدید ترین خلائی دوربین کے ذریعے کائنات کو تحرک دینے والی پراسرار طاقتوں، ڈارک انرجی اور دور دراز واقع سیاروں کی ساخت اور نظام کو سمجھنے میں اہم پیش رفت حاصل ہوگی، جس سے خلائی تحقیق کی دنیا میں ایک نیا باب روشن ہوگا۔