واشنگٹن : ٹرمپ نے ایران کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کا امکان مسترد کرتے ہوئے صحافی کے سوال پر برہم ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری جنگ میں ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پہلے ہی مکمل طور پر شکست کھا چکا ہے۔اوول آفس میں ایک تقریب کے دوران صحافی نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا وہ ایران کے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی کراسکتے ہیں؟سوال پر صدر ٹرمپ برہم ہوگئے اور کہا کہ "میں ایسا کبھی نہیں کہوں گا، لیکن میں اس سوال کو مسترد کرتا ہوں، اس کی کوئی وجہ نہیں ہے۔”ٹرمپ نے صحافی کے سوال کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران مکمل طور پر شکست کھا چکا ہے، تو اس کے بعد ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ "ایران کو شکست دینے کے بعد ایٹمی ہتھیار استعمال کروں؟ یہ کتنا احمقانہ سوال ہے۔”