ریاض (31 اگست 2026): مکہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع میوزیم میں تیسری صدی ہجری کے قرآن مجید کے ایک نایاب نسخے کی نمائش کی جا رہی ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ تاریخی اور نایاب صفحہ قرآن مجید کی کتابت کے ابتدائی دور اور اس کی تحفظ کے سفر کو اجاگر کرتا ہے۔یہ نایاب قرآنی نسخہ کنگ عبدالعزیز لائبریری کے ذخیرے میں محفوظ ہے جو اسلامی ورثے اور نادر مخطوطات کے تحفظ اور تحقیق کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔نمائش میں رکھا گیا یہ صفحہ سورۂ مریم کے ایک حصے پر مشتمل ہے، جو چمڑے سے بنے ورق (پارچمنٹ) پر سرخ روشنائی سے تحریر کیا گیا ہے۔اس نادر نسخے میں اعراب اور نقطے موجود نہیں، جو ابتدائی قرآنی کتابت کی ایک نمایاں خصوصیت ہے۔ یہ اس صفحے کو علمی اور تاریخی لحاظ سے منفرد بناتا ہے۔یہ مخطوطہ میوزیم کے زائرین کو قرآنی کتابت کے ارتقا اور ابتدائی اسلامی صدیوں کے دوران قرآن مجید کو تحریر کرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے طریقوں کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کرتا ہے۔