اترپردیش(یکم ستمبر 2026): چلتی ٹرین سے پانچ سو روپے کے نوٹ ہوا میں اڑنے لگے، جنہیں لوٹنے کے لیے وہاں موجود لوگوں میں شدید دوڑ مچ گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع گورکھپور کے ایک ریلوے اسٹیشن پر اس وقت انوکھا منظر دیکھنے میں آیا جب چلتی ٹرین سے پانچ پانچ سو روپے کے نوٹ ہوا میں اڑنے لگے، جنہیں سمیٹنے کے لیے وہاں موجود لوگوں میں شدید دوڑ مچ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی صبح تقریباً چھ بجے گورکھپور سے پنویل (ممبئی) جانے والی ایکسپریس ٹرین کے پیپی گنج ریلوے اسٹیشن سے گزرنے کے دوران پیش آیا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چونکہ اس ٹرین کا مذکورہ اسٹیشن پر کوئی اسٹاپ نہیں تھا، اس لیے یہ وہاں سے گزر رہی تھی کہ اچانک ٹرین میں سوار کسی مسافر نے پانچ پانچ سو روپے کے نوٹوں سے بھری ہوئی ایک شاپر نیچے پھینک دی۔شاپر کے کھل جانے کی وجہ سے نوٹ ہوا میں اڑنے لگے، جنہیں دیکھ کر اسٹیشن پر موجود درجنوں افراد حیران رہ گئے اور نوٹ پکڑنے کے لیے دوڑ پڑے۔ جسے جہاں جتنے نوٹ ملے، وہ انہیں سمیٹ کر وہاں سے چلتا بنا۔ریلوے اسٹیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین کے اسٹیشن پر نہ رکنے کی وجہ سے شاید اندر بیٹھے کسی مسافر نے اپنے کسی جاننے والے کو رقم دینے کے لیے اسے پولی تھین میں باندھ کر نیچے پھینکا تھا، جو پیکٹ کھلنے کے باعث بکھر گئے۔تاہم، کل رقم کتنی تھی اور اسے لینے کے لیے کون سا شخص اسٹیشن پر آیا تھا، اس بارے میں تاحال پولیس یا ریلوے کی جانب سے کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی ہے۔