منی پور واقع نونی ضلع میں ایک مسلح تنظیم کے 2 گروپوں کے درمیان پُرتشدد تصادم نے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پیش آئے الگ الگ واقعات میں 2 لوگوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ 6 دیگر افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ دونوں واقعات میں ’جیلیانگرونگ یونائٹیڈ فرنٹ‘ (زیڈ یو ایف) کے 2 گروپوں کے درمیان تشدد کی بات سامنے آئی ہے۔ افسران کے مطابق ہفتہ کی صبح نونی ضلع کے نونگٹیک پارٹ-2 اور ہاؤچونگ کے درمیان دوبارہ گولی باری کی آواز سنی گئی۔ یہ علاقہ نونی ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 5 کلومیٹر شمال مشرق میں ہے۔ہفتہ کی صبح تقریباً 6 بجے گولی باری شروع ہونے کی جانکاری ملی۔ اندیشہ ہے کہ اس میں زیڈ یو ایف-جے اور زیڈ یو ایف-کے گروپوں کے کیڈر شامل تھے۔ افسران کا کہنا ہے کہ زیڈ یو ایف-کے سے منسلک مسلح کیڈرز نے نونی تھانہ حلقہ کے نونگٹیک گاؤں میں منصوبہ بنا کر حملہ کیا۔ گولی باری کئی منٹ تک جاری رہی۔ اس دوران دھماکہ خیز مادوں کا بھی استعمال کیے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔سیکورٹی فورسز کے مطابق اس گولی باری میں زیڈ یو ایف-جے گروپ کا ایک کیڈر مارا گیا۔ اس کی شناخت جانگائی لونگ (29 سال) کی شکل میں ہوئی ہے۔ وہ مکتینا گاؤں کا رہنے والا تھا اور تنظیم میں خود کو سیکنڈ لیفٹیننٹ بتاتا تھا۔ جانگائی لونگ کو گولی اور چھرّے لگے تھے۔ حملہ میں اسی گروپ کے 6 دیگر لوگ بھی زخمی ہوئے ہیں۔ سبھی زخمیوں کو علاج کے لیے امپھال کے 2 الگ الگ اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔گولی باری کی خبر ملنے کے بعد مقامی میرا پیبی یعنی خاتون گروپ کے اراکین اور پولیس اہلکاروں نے جائے حادثہ تک پہنچنے کی کوشش کی۔ حالانکہ سیکورٹی سے متعلق فکر کے سبب وہ موقع تک نہیں پہنچ سکے۔ اس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کے حالات کی جانکاری حاصل کی۔ ہفتہ کی گولی باری میں کسی دیگر شخص کے ہلاک ہونے کی ابھی آفیشیل جانکاری نہیں ملی ہے۔نونی ضلع میں دونوں گروپوں کے درمیان یہ پہلا گولی باری کا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے ایک دن قبل بھی اوکٹن گاؤں میں دونوں گروپوں کے درمیان تصادم کی خبر سامنے آئی تھی۔ یہ علاقہ نونی تھانہ حلقہ کے ہاؤچونگ سب ڈویژن میں آتا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق جمعہ کو دوپہر تقریباً 3.30 بجے سے 4 بجے کے درمیان گولی باری ہوئی۔ اوکٹن گاؤں نونی تھانے سے تقریباً 21 کلومیٹر شمال مشرق میں ہے۔پولیس کو گولی باری کی پختہ خبر ملی تھی۔ اس کے بعد جانکاری حاصل کی گئی۔ اس واقعہ میں زیڈ یو ایف-کے گروپ سے جڑے ایک کیڈر کی گولی لگنے سے موت ہو گئی۔ مہلوک کی شناخت دنگتی پلونگ گونمیئی عرف نگوئبا گونمیئی کی شکل میں ہوئی ہے۔ وہ تنظیم میں خود کو چیف سکریٹری بتاتا تھا۔ لگاتار 2 واقعات کے بعد نونی اور ہاؤچونگ علاقہ میں کشیدگی بڑھنے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہفتہ کی تازہ گولی باری کے بعد سیکورٹی فورسز حالات پر نظر رکھ رہے ہیں۔ دونوں گروپوں کی طرف سے ابھی تک کوئی آفیشیل بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔