بہار: آسمانی بجلی کی زد میں آنے کے سبب بانکا، لکھی سرائے، نوادہ اور جموئی میں 12 افراد جاں بحق

Wait 5 sec.

بہار کے بانکا، لکھی سرائے اور جموئی اضلاع میں آسمانی بجلی کی زد میں آنے کے سبب 9 افراد کی دردناک موت ہو گئی جبکہ 9 افراد شدید طور پر جھلس گئے۔ مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں۔ اس حادثے پر وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور تمام مہلوکین کے لواحقین کو 4-4 لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کی ہدایت دی ہے۔ دوسری جانب نوادہ ضلع کے رجولی میں بھی اچانک بدلے موسم کے دوران دھان کی روپائی کر رہے 3 مزدوروں کی آسمانی بجلی گرنے سے جان چلی گئی۔بانکا ضلع میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 5 لوگوں کی موت ہو گئی اور کئی لوگ جھلس گئے۔ چاندن کے بوڑا-سوئیا گاؤں میں منگل کو دھان کی روپائی کے لیے گئیں کوشامی دیوی (45)، رینو دیوی (40) اور رنکو دیوی (45) کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ اہل خانہ کو کھانا پہنچانے آئے 2 بچے سوربھ کمار (10) اور رانی کماری (12) جھلس گئے۔ بارش سے بچنے کے لیے سبھی ایک اونچی جھاڑی کے نیچے کھڑے ہوئے تھے تبھی یہ حادثہ ہوا۔ اس کے علاوہ بونسی کے سرائے گاؤں میں کھیت جا رہے سریش یادو (70) اور سفیانہ خاتون (50) کی جان چلی گئی جبکہ مادھوری دیوی (42)، نسیمہ خاتون (40) و ایک دیگر خاتون جھلس گئیں۔ اسی طرح بینا موہن پور میں ظہیرہ خاتون (50) اور مریم خاتون (40) جھلس گئیں۔لکھی سرائے اور جموئی اضلاع میں بھی آسمانی بجلی نے بھاری تباہی مچائی ہے۔ لکھی سرائے کے چانن علاقے کے تحت بنو بگیچہ بہیار میں دھان کی روپائی کے دوران ماں، بیٹی اور دیورانی اس کی زد میں آ گئیں، جن میں سریندر یادو کی بیٹی کومل کماری (17) اور چچی رودا دیوی (50) کی موت ہو گئی جبکہ ماں دھنونتی دیوی جھلس گئیں۔ دوسری جانب سنگرام پور کے شیواڈیہہ گاؤں کی رہنے والی آنگن باڑی سہائیکا انوسوئیا دیوی (40) اہلیہ انل پنڈت کی بہیار میں موت ہو گئی۔ جموئی کے سونو بلاک میں واقع گوروا مٹیہانا گاؤں کے سوپاڑ بہیار میں کھیت میں کام کر رہی ساس بہو پر آسمانی بجلی گر گئی، جس میں 28 سالہ پوجا دیوی کی اسپتال لے جاتے وقت موت ہو گئی جبکہ ان کی ساس کویتا دیوی جھلس گئیں۔جھارکھنڈ میں آسمانی بجلی کا قہر، 15 دنوں میں 30 سے زائد افراد کی موت، 35 زخمینوادہ ضلع کے رجولی تھانہ علاقے کے اماواں مغربی پنچایت کے تحت دریا پور گاؤں کے پاس بھی منگل کی شام موسم کا مزاج اچانک بگڑنے سے ہولناک حادثہ ہوا۔ یہاں کھیت میں دھان کی روپائی کر رہے 3 مہاجر مزدوروں کی آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے موت ہو گئی۔ تمام مہلوکین سیتامڑھی ضلع کے مدھیشرا گاؤں کے رہنے والے تھے، جن کی شناخت راجندر کمار، اندل پرساد کے بیٹے اندر جیت کمار اور منی کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ سبھی مزدوری کرنے رجولی آئے تھے۔ اس واقعے میں 2 سے 3 دیگر افراد بھی جھلسے ہیں، جن کا علاج اسپتال میں چل رہا ہے۔