ایمریٹس میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

Wait 5 sec.

ایمریٹس گروپ میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایمریٹس گروپ  نے ایوی ایشن اور کارپوریٹ بزنسز میں 100 سے زائد ملازمتوں کی پیشکش کے ساتھ بھرتی مہم کا آغاز کیا ہے۔ان خالی آسامیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور دیکھ بھال، ایئرپورٹ کے امور، لاجسٹکس، ہیومن ریسورسز اور کسٹمر سروس سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔درخواستیں گروپ کے کیریئر پورٹل کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہیں۔مختلف عہدوں پر فراہم کی جانے والی مراعات میں ٹیکس کے بغیر تنخواہیں، فرنشڈ رہائش یا ہاؤسنگ الاؤنس، جامع طبی بیمہ، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے سالانہ ہوائی ٹکٹ اور سفری رعایتیں، اور دیگر متعدد مراعات شامل ہیں۔سب سے زیادہ پرکشش ملازمتوں میں پائلٹ کا عہدہ ہے جس کا سالانہ معاوضہ تقریباً 1.2 ملین درہم ( 320,000 امریکی ڈالر) ہے۔اس پیکج میں ماہانہ اوسطاً 85 پرواز کے گھنٹوں کی بنیاد پر تقریباً 575,000 درہم سالانہ نقد تنخواہ شامل ہے، اس کے علاوہ کمپنی کی طرف سے رہائش، تین بچوں تک کے لیے تعلیمی الاؤنس، 42 دن کی سالانہ چھٹی، اہل خاندان کے افراد کے لیے بزنس کلاس کا سالانہ سفر، ریٹائرمنٹ سیونگز میں شراکت، جامع انشورنس کور اور کمپنی کی کارکردگی سے مشروط سالانہ منافع میں شرکت کی اہلیت شامل ہے۔یہ پڑھیں: ایمریٹس دنیا کی سب سے منافع بخش ایئر لائن برقرارگروپ اپنے نیشنل کیڈیٹ پائلٹ پروگرام کے لیے بھی بھرتی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ زیرِ تربیت افراد کو گراؤنڈ اسکول اور فلائٹ ٹریننگ کے پہلے مرحلے کے دوران 6,365 درہم ماہانہ تنخواہ ملتی ہے جو کہ ایئرکرافٹ ٹائپ ریٹنگ ٹریننگ کے دوران بڑھ کر 18,335 درہم اور لائن ٹریننگ کے دوران 31,745 درہم ہو جاتی ہے۔پروگرام مکمل کرنے پر فرسٹ آفیسرز کو مقررہ الاؤنسز سمیت تقریباً 52,000 درہم ماہانہ کا پیکج ملتا ہے۔کیبن کریو کے اراکین کو ٹیکس کے بغیر تنخواہ دی جاتی ہے جس میں 4,980 درہم ماہانہ بنیادی تنخواہ اور فی پرواز گھنٹہ 69.60 درہم فلائنگ پے شامل ہے۔ماہانہ اوسط پرواز کے گھنٹوں کی بنیاد پر کل ماہانہ آمدنی تقریباً 11,000 درہم ہوتی ہے، اس کے علاوہ رات کے کھانے کے اضافی الاؤنسز، قیام کے دوران ہوٹل میں رہائش اور ایئرپورٹ آنے جانے کے لیے ٹرانسپورٹ بھی کمپنی کی طرف سے فراہم کی جاتی ہے۔