ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ دشمن میزائلوں سے ہمیں نہیں جھکا سکتا۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دشمن اختلافات پیدا کرکے ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کرسکتا ہے لیکن ایران کو جھکا نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ صحافی قومی اتحاد مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، اختلاف کو ہوا دینے کے بجائے اتحاد برقرار رکھنے میں حکومت کی مدد کی جائے۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ جنگ اور امن میں سب سے بڑی تشویش امریکی حملے نہیں بلکہ عوام کی معاشی صورت حال کی بہتری ہے۔ایرانی صدر نے کہا کہ مسلح افواج نے دشمن کو اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا، موجودہ حالات میں قومی اتحاد ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔یہ پڑھیں: استعفیٰ دینے کی ضرورت پڑی تو واضح اعلان کروں گا، ایرانی صدر کا رد عملانہوں نے مزید کہا کہ یکجہتی برقرار رکھنے کے لیے بعض معاملات میں سمجھوتا کرنا ہوگا۔اس سے قبل مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ہم بہ خوبی آگاہ ہیں کہ ملکی بقا کے لیے کب لڑنا ہے اور کب امن کا راستہ اختیار کرنا ہے، ایرانی حکومت مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کر رہی ہے، ہم ملک کا دفاع کرنے والوں کی حمایت اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جون میں امریکا کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر ملک میں جو لوگ تنقید کر رہے ہیں، اور اس معاہدے کو ناکامی قرار دے رہے ہیں، وہ دراصل اسرائیل کے بیانیے کو دہرا رہے ہیں۔