وزن کم کرنے والی نئی دوا کی منظوری

Wait 5 sec.

لندن (11 اگست 2026): برطانیہ نے امریکی دوا ساز کمپنی ایلی للی اینڈ کمپنی کی وزن کم کرنے والی گولی فاؤنڈایو (Foundayo) کی منظوری دے دی ہے۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کے بعد برطانیہ یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں اس دوا کو وزن کم کرنے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس دونوں کے علاج کے لیے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔برطانیہ کی میڈیسنز اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی کے مطابق دوا کو منظوری تو دے دی گئی ہے، تاہم فی الحال یہ برطانیہ کی سرکاری ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے ذریعے دستیاب نہیں ہوگی۔یہ دوا موٹاپے کا شکار بالغ افراد اور ایسے افراد جو زیادہ وزن کے ساتھ وزن کے باعث کم از کم ایک بیماری میں مبتلا ہوں ان کے اضافی وزن کو کم کرنے اور طویل مدت تک گھٹائے گئے وزن کو برقرار رکھنے میں مدد کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔ایلی للی کے ترجمان کے مطابق فاؤنڈایو رواں ماہ کے آخر میں برطانیہ میں نجی نسخے کے ذریعے دستیاب ہوگی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نجی مارکیٹ میں اس گولی کی ماہانہ قیمت Mounjaro کے مقابلے میں کم ہوگی، تاہم حتمی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔نوو نورڈسک سے مقابلہ تیزفاؤنڈایو کی منظوری کے بعد وزن کم کرنے والی ادویات کی مارکیٹ میں ایلی للی اور نوو نورڈسک Novo Nordiskکے درمیان مقابلہ مزید بڑھ گیا ہے۔فاؤنڈایو اس وقت یورپی یونین میں بھی جائزے کے مرحلے میں ہے جبکہ نوو نورڈسک کی ویگووی گولی کو یورپی میڈیسنز ایجنسی کی جانب سے مثبت سفارش مل چکی ہے اور یورپی کمیشن کے حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔روزانہ ایک گولی، انجیکشن کا متبادل؟وزن کم کرنے والی ادویات کی مارکیٹ پر طویل عرصے سے ہفتہ وار انجیکشنز کا غلبہ رہا ہے لیکن اب دوا ساز کمپنیاں خوراکی گولیوں پر بھی توجہ دے رہی ہیں۔ایلی للی کی فاؤنڈایو ایک روزانہ استعمال ہونے والی جی ایل پی ون دوا ہے جو جسم میں جی ایل پی ون ہارمون کو ہدف بناتی ہے۔کمپنی ترجمان کے مطابق اس گولی کا ایک اہم فائدہ اس کا آسان استعمال ہے، کیونکہ اسے کھانے یا پانی کے حوالے سے مخصوص پابندیوں کے بغیر روزانہ لیا جاسکتا ہے۔اس کے برعکس ویگووی گولی استعمال کرنے والے مریضوں کو اسے خالی پیٹ تھوڑی مقدار میں پانی کے ساتھ لینا ہوگا اور اس کے بعد تقریباً 30 منٹ تک کھانے، مشروبات یا دیگر ادویات سے گریز کرنا ہوگا۔گولیوں کی مارکیٹ میں نئی دوڑامریکا میں منظوری اور اپریل میں متعارف ہونے کے بعد ایلی للی کی جی ایل پی ون گولی کو پذیرائی مل رہی ہے، تاہم فروخت کے اعتبار سے یہ اب بھی نوو نورڈسک کی ویگووی گولی سے پیچھے ہی ہے۔ماہرین کے مطابق اگرچہ خوراکی ادویات تیزی سے مقبول ہورہی ہیں، لیکن وزن کم کرنے کے لیے انجیکشنز اب بھی مارکیٹ میں نمایاں مقام رکھتے ہیں، جس کی بڑی وجوہات ان کی ثابت شدہ افادیت اور ہفتے میں صرف ایک بار استعمال کی سہولت ہیں۔برطانیہ کی جانب سے فاؤنڈایو کی منظوری کے بعد وزن کم کرنے والی گولیوں کی عالمی دوڑ میں ایلی للی اور نوو نورڈسک کے درمیان مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔وزن کم کرنے والی نئی گولیوں کی مارکیٹ میں آمد سے کیا تبدیلی متوقع ہے؟