’امرناتھ یاترا‘ غیر معینہ مدت کے لیے معطل، جموں و کشمیر میں آئندہ 2 دنوں میں شدید بارش کی پیش گوئی

Wait 5 sec.

شمالی اور جنوبی کشمیر کے بالٹال اور پہلگام راستوں پر ٹریک متاثر ہونے اور خراب موسم کے حوالے سے جاری وارننگ کی وجہ سے ’امرناتھ یاترا‘ کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ افسران نے بتایا کہ دونوں بیس کیمپ سے جانے والے 2 راستوں کو ٹھیک کرنے میں کافی وقت لگے گا۔ زائرین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ’امرناتھ یاترا‘ 2026 کو روک دیا گیا ہے اور بیس کیمپ و جموں میں ’بھگوتی نگر یاتری نواس‘ میں موجود تمام زائرین سے گھر لوٹنے کو کہا گیا ہے۔آئی ایم ڈی الرٹ کے بعد امرناتھ یاترا کے دونوں راستے 19 جولائی سے عارضی طور پر بندافسران نے بتایا کہ رواں سال کی ’امرناتھ یاترا‘ کے لیے رجسٹریشن بھی بند کر دی گئی ہے اور اب عقیدت مندوں کو وادئ کشمیر کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حالانکہ ’چھڑی مبارک‘ (بھگوان شیو کا مقدس گدا) روایتی پہلگام کے راستے سے سفر کرتے ہوئے 28 اگست کو مقدس غار تک پہنچے گی۔ اسی دن ’امرناتھ یاترا‘ کا رسمی اختتام ہوگا۔واضح رہے کہ 3 جولائی سے شروع ہونے والی 57 روزہ ’شری امرناتھ یاترا 2026‘ کے دوران اب تک 4.80 لاکھ سے زائد عقیدت مند سطح سمندر سے 3880 میٹر کی بلندی پر واقع مقدس غار میں ’بابا برفانی‘ کے درشن کر چکے ہیں۔ افسران نے کہا ہے کہ اب صرف انہی زائرین کے قافلوں کو جانے کی اجازت ہوگی جو عقیدت مندوں کو وادیٔ کشمیر سے واپس لا رہے ہوں گے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 دنوں میں جموں و کشمیر میں شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ مقدس غار مندر کی جغرافیائی صورتحال اور بلندی کو دیکھتے ہوئے، خراب موسم کا آنے والے دنوں میں یاترا کے دونوں راستوں اور غار مندر کے علاقے پر بہت برا اثر پڑے گا۔ قابل ذکر ہے کہ دونوں بیس کیمپ سے آگے کے علاقے کو ’نو فلائی زون‘  قرار دیا گیا تھا، اس لیے رواں سال زائرین کے لیے ہیلی کاپٹر خدمات دستیاب نہیں تھی۔ جموں و کشمیر پولیس، سی اے پی ایف اور فوج کی نگرانی میں رواں سال کی ’امرناتھ یاترا‘ بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے جاری رہی اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کی وجہ سے کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئی۔