ٹوکیو : جاپان میں شدید گرمی کے باعث اب دفتری لباس بھی جدید کولنگ ٹیکنالوجی سے لیس ہونے لگا ہے، جاپانیوں نے کپڑوں میں اے سی لگوا لیے۔ملبوسات تیار کرنے والی کی معروف جاپانی کمپنی یوفوکو نو آویاما نے آدھی آستینوں والی ایسی شرٹ متعارف کرائی ہے جس میں دو چھوٹے پنکھے نصب ہیں اور یہ پہننے والے کو چلتے پھرتے ٹھنڈی ہوا فراہم کرتے ہیں۔بظاہر یہ شرٹ ایک سادہ اور باوقا شرٹ دکھائی دیتی ہے، لیکن دراصل اس کے اندر جدید کولنگ سسٹم نصب ہے، شرٹ کے پچھلے حصے میں کمر کے قریب ایک پنکھا موجود ہے، جو آن ہونے کے بعد ہوا کو شرٹ کے اندر گردش کراتا ہے اور جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتا ہے۔جاپان میں اس نوعیت کے ایئر کولڈ ملبوسات گزشتہ چند برسوں کے دوران مقبول ہوئے ہیں، تاہم ان کا استعمال زیادہ تر تعمیرات، کچرا اٹھانے اور ایونٹ سکیورٹی جیسے شعبوں میں کام کرنے والے افراد کرتے رہے ہیں۔یہ لباس عموماً جیکٹ یا ویسٹ کی شکل میں ہوتے ہیں اور دفتری لباس کے بجائے حفاظتی یا ورک ویئر کا تاثر دیتے ہیں۔تاہم جاپان میں موسم گرما کی شدت میں مسلسل اضافے کے باعث عام شہریوں اور دفتری ملازمین میں بھی جسم کو ٹھنڈا رکھنے والے ملبوسات کی طلب بڑھ رہی ہے۔اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے یوفوکو نو آویاما نے پنکھوں سے لیس ملبوسات بنانے والی کمپنی ایف زیڈ این کے اشتراک سے یہ شرٹ تیار کی ہے۔مذکورہ شرٹ میں دو پنکھے اور ری چارج ایبل بیٹری نصب کی گئی ہے، کمپنی کے مطابق شرٹ کے کولنگ سسٹم کو ممکنہ حد تک ہلکا رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق دونوں پنکھوں میں سے ہر ایک کا وزن 95 گرام جبکہ ری چارج ایبل بیٹری پیک کا وزن 165 گرام ہے۔اگرچہ پیچھے سے دیکھنے پر پنکھے کی موجودگی محسوس ہوتی ہے، لیکن ڈیزائنرز نے اسے دوسرے زاویوں سے زیادہ نمایاں نہ ہونے دینے کی کوشش کی ہے، تاکہ شرٹ دفتری ماحول کے لیے موزوں نظر آئے۔کمپنی نے پنکھوں کی آواز کی شدت کے بارے میں کوئی خاص معلومات فراہم نہیں کیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ مکمل طور پر خاموش نہیں ہوں گے۔یہ شرٹس میٹنگ کے بجائے عام طور پر سفر کے دوران زیادہ کارآمد ہیں کیونکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس شرٹ کا بنیادی مقصد ضروری نہیں کہ دفتر یا کلائنٹس کے ساتھ میٹنگ کے دوران پنکھے چلائے جائیں، کیونکہ ایسی ملاقاتیں عموماً ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں ہوتی ہیں لہٰذا ایسے کمروں میں اس کو چلانے کی ضرورت نہیں۔اس لباس کا اصل فائدہ ان افراد کے لیے ہے جو ایک میٹنگ سے دوسری میٹنگ کے لیے شہر میں سفر کرتے ہیں، شدید گرمی میں باہر چلتے ہوئے یا پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے وقت اس شرٹ کے پنکھے جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔اس کے علاوہ ملازمین کو منزل پر پہنچنے کے بعد پسینے سے شرابور لباس تبدیل کرکے دوبارہ رسمی لباس پہننے کی ضرورت کم ہوسکتی ہے۔قیمت کیا ہے؟کُوچو وئیر شارٹ سلیو شرٹ کا مکمل ابتدائی پیکج 17 ہزار 490 جاپانی ین میں فروخت کیا جارہا ہے۔اس پیکج میں شرٹ کے ساتھ دونوں پنکھے، ری چارج ایبل بیٹری پیک اور چارجنگ کیبل شامل ہیں۔ شرٹ نیلے اور سرمئی رنگ میں دستیاب ہے جبکہ درمیانے، بڑے اور ایکسٹرا لارج سائز پیش کیے گئے ہیں۔کمپنی کے اسٹورز اور آن لائن شاپ پر اس کی فروخت شروع کردی گئی ہے۔